حیدرآباد 31 جولائی (سیاست نیوز) سابق وزیر مکیش گوڑ کے فرزند وکرم پر قاتلانہ حملے کیس کی تحقیقات میں پولیس نے شدت پیدا کردی ہے اور پانچ افراد کے ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے علاقہ سے سی سی ٹی وی فٹیج حاصل کیا جس میں پانچ افراد فرار ہوتے دیکھے گئے ہیں اس فٹیج کو فارنسک لیباریٹری بھیجا گیا ہے۔ وکرم پر فائرنگ کا واقعہ حساس نوعیت کا ہونے کے سبب کمشنر پولیس مہیندر ریڈی نے گوگل کمپنی کو مکتوب روانہ کرکے حملے کے دن اور وقت میں وکرم گوڑ کے مکان کے اطراف کے امیجس فراہم کرنے کی خواہش کی ہے۔ ان امیجس کے ذریعہ پولیس پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے کہ کیا حقیقت میں کوئی ٹولی حملے کے وقت وکرم گوڑ کے مکان پہونچی تھی؟ وکرم پر حملے کے بعد سے ہی اس تعلق سے مختلف قیاس آرائیاں جاری ہیں ۔ وکرم اور اُس کی بیوی کے بیانات میں تضاد ہے اور پولیس ابتدا سے معاملے سے احتیاط سے نمٹ رہی ہے۔ کمشنر پولیس کی نگرانی میں تحقیقات جاری ہیں اور اندرون دو یوم کیس حل کئے جانے کی توقع ہے۔