نئی دہلی 11ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)سوامی وویکا نند کے کائناتی اخوت کے پیغام کی یاددہانی کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ان کے پیغام پر تاریخ نے اگر عمل کیا ہوتا تو امریکہ میں 11 ستمبر جیسے تباہ کن واقعات پیش نہ آتے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اُن کا پیغام شکاگو میں 11 ستمبر 1893 میں منعقدہ عالمی مذاہب کی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے دیا گیا تھا جس نے روحوں کو جھنجھوڑ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 11 ستمبر کے بارے میں دو نظریات ہیں۔ ایک 2001 میں تباہی کا تسلسل اور دوسرا 1893 کا وویکا نند کا عالمی اخوت کا پیغام اگر ہم نے سوامی کے پیغام پر عمل کیا ہوتا تو تاریخ کو 11ستمبر 2001 جیسی امریکہ میں تباہ کن کارروائی دیکھنا نہ پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ وویکا نند نے دنیا بھر کی توجہ ہماری مالا مال تاریخ اور مستحکم ثقافتی بنیادوں کی طرف مبذول کردی تھی۔ انہوں نے وویکا نند کی تقریر کے اقتباسات بھی سنائے اور کہا کہ مذاہب کی پارلیمنٹ سے 1893 میں وویکا نند نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا فرقہ پرستی، بے وفائی اور ہولناک ورثاء، جنون یہ تمام ایک عرصہ سے اس خوبصورت دنیا کو گرفت میں لئے ہوئے ہیں۔ اکثر تشدد ہوتا ہے اور انسانی خون بہتا ہے۔تمدن تباہ ہوتے ہیں اور پوری پوری قومیں مایوسی کا شکار ہوجاتی ہیں۔