ووٹ کے ہتھیار سے فرقہ پرستوں کا مقابلہ

ورنگل میں جناب ظہیر الدین علی خاں اور حافظ پیر شبیر احمد کا خطاب

ورنگل /27 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں اور پیسہ لے کر ووٹ نہ دیں۔ ہم سب کو متحدہ طورپر سیکولر کردار کے حامل اور سیکولر پارٹی کو ووٹ دینا چاہئے۔ ہندوستان میں مسلمان 60 برسوں میں انتہائی پسماندہ ہو چکے ہیں۔ قائدین کا گریبان پکڑکر ان سے کام لیں۔ اس ملک میں مسلمانوں نے 800 سال حکومت کی، تاہم آزادی کے بعد سے مسلمان پسماندگی کا شکار ہیں۔ ان حقائق کا اظہار جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست نے ورنگل کے سورنا پیلیس میں جمعیۃ العلماء ہند اور کانگریس اقلیتوں کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں کیا۔ حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیۃ العلماء آندھرا پردیش کی صدارت میں منعقدہ اس پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب شفیق الزماں موظف سابق پرنسپل سکریٹری حکومت اے پی، محمد غوث الدین، سید ولی اللہ قادری، محمد ریاض الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر جناب ظہیر الدین علی خاں نے کہا کہ اگر ہم نے متحدہ طورپر اپنے ووٹوں کا استعمال کیا تو لاکھ کوششوں کے باوجود فرقہ پرست طاقتیں اقتدار نہیں حاصل کرسکیں گی۔ انھوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور مسلمان اگر متحد ہو جائیں تو ملک کی تاریخ کے سنہرے باب کا آغاز ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ تلگودیشم اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارادوں کو ناکام بنانا ہے، جب کہ ٹی آر ایس بھی بھروسہ کے قابل نہیں رہی، لہذا وقت کی نزاکت کو محسوس کرتے ہوئے کانگریس امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ جناب شفیق الزماں نے کہا کہ مسلمانوں کو ڈر اور خوف کے ماحول سے باہر نکل کر اپنے ووٹوں کا استعمال کرنا چاہئے۔ ہمارے ساتھ ہمیشہ ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے میں ناانصافی کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ متعصب اور کم تنگ نظر امیدوار کے حق میں اپنے ووٹوں کا استعمال کریں۔ مولانا فصیح الدین قاسمی نے کہا کہ ملک کی آزادی میں جمعیۃ العلماء کا اہم کردار رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شہر کے علماء اور دانشوران ملت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیکولر کردار کے حامل افراد کو ووٹ دیں۔ حافظ پیر شبیر احمد نے کہا کہ ہندوستان کی سالمیت کو تباہ کرنے والوں کو برسر اقتدار نہیں لانا چاہئے۔ کیا سال 2002ء کے گجرات فسادات کے مودی ذمہ دار نہیں ہیں؟۔ ملک میں ہندو مسلم اتحاد اب بھی مضبوط ہے، لہذا ہندوستان کے سیکولرازم کو تباہ کرنے والوں کو اقتدار سے دور رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر جمال شریف ایڈوکیٹ، محمد مدثر احمد، احمد محی الدین، حافظ قطب الدین، سید عثمان اقبال، محمد اعظم محی الدین کریسنٹ کالج، محمد علیم الدین، محمد سراج احمد، خواجہ محدی الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔