ناندیڑ ۔ 28فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) انتخابات میں مجھے ووٹ کیوں نہیں دیا ، اس بات کو لیکر باپ اور بیٹے نے مل کر اپنے چچرے بھائی کا قتل کردیا تھا ۔ قتل کرنے والے باپ اور بیٹے کو آج ناندیڑ کے ضلع سیشن جج اے ایس سید نے عمر قید کی سزا سنائی ہے اور ساتھ ہی فی کس ایک ہزار روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیاہے ۔ اس کے علاوہ اس معاملہ میں ماں کو دو مہینے کی سخت سزا سنائی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ناندیڑ ضلع کے حدگاؤں تعلقہ کے مکتاپارڈی کا ساکن ہری داس ، راگھو جی اچل کھامبے نے یکم ڈسمبر 2015ء کو منائہا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی کہ 26 نومبر 2015ء کو رات 8بجے کے قریب چنچگوہان اس گاؤں میں ان کے گھر پر ان کابھائی ڈگمبر راما اچل کھامبے عمر 58سال ، ڈگمبر کابیٹا شیواجی ڈگمبر اچل کھامبے عمر 23سال اور شیواجی کی ماں پنچ پھلا ڈگمبر اچل کھامبے عمر 45سال یہ تینوں ان کے گھر آئے اور فریادی کے باپ راگھوجی راما اچل کھامبے عمر 65سال سے کہا کہ تو نے گرام پنچایت کے انتخابات میں ہماری مدد کیوں نہیں کی اور تو نے ہمیں ووٹ بھی نہیں دیا ، یہ کہتے ہوئے شیواجی نے مہلک ہتھیار سے ڈگمبر کے سربر حملہ کیا اور ڈگمبر نے اپنے ہاتھ میں موجود ہتھیار سے راگھوجی کے پیٹ میں وار کیا ۔ اس کے ساتھ ہی پنچ پھلا بائی نے بھی راگھوجی کے ساتھ ہاتھا پائی کی ۔ اس حملہ کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوگیا ۔ جب اس کی اطلاع اس کے بیٹے ہری داس کو ملی تو اس نے پہلے اپنے زخمی باپ کو علاج کیلئے حدگاؤں کے سرکاری اسپتال اور اس کے بعد ناندیڑ کے سرکاری اسپتال میں داخل کیا ۔ اس معاملہ میں مناٹھا پولیس اسٹیشن میں تینوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ۔