وزیراعظم نریندر مودی کی نام لئے بغیر اپوزیشن پر الزام تراشی
بھوپال 25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج الزام عائد کیاکہ کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں ووٹ بینک سیاست کھیل رہی ہیں جس نے ملک کو ’’دیمک‘‘ کی طرح گزشتہ 70 سال میں کھالیا ہے۔ وہ کارکنوں سے خطاب کررہے تھے جن کا ایک اجلاس مدھیہ پردیش میں منعقد کیا گیا تھا جہاں عنقریب انتخابات ہونے والے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے طلاق ثلاثہ کے مسئلہ پر کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ ملک میں ووٹ بینک سیاست کھیلی جارہی ہے جس نے ملک کو دیمک کی طرح کھالیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ روایتی طریقہ پر وہ اپنے اقتدار کی خاطر ملک کے سماجی تانے بانے کو نقصان پہونچارہے ہیں۔ تاہم اُنھوں نے یقین ظاہر کیاکہ سب کا ساتھ سب کا وکاس آخرکار کامیاب رہے گا۔ اُنھوں نے طلاق ثلاثہ مسئلہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ یہ رواج فی الحال اسلامی ممالک میں برقرار نہیں رہا یہاں تک کہ ایسے ممالک جہاں پر ایک خاتون سربراہ حکومت ہے، مسلم بہنوں کی فکر نہیں کرتی۔ وہ صرف ووٹ بینک سیاست کرنا چاہتی ہیں۔ کانگریس قابل ازیں مودی حکومت پر الزام عائد کرچکی ہے کہ وہ طلاق ثلاثہ کے مسئلہ کو سیاسی فٹبال سمجھتی ہے اور یہ مسئلہ مسلم خواتین کے حق میں نہیں ہے۔ مودی نے کہاکہ اگر بی جے پی کارکنوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ووٹ بینک سیاست سے ملک کو بچائیں جو گزشتہ 70 سال سے اس کے نتیجہ میں تباہ ہوتا آرہا ہے تو طلاق ثلاثہ کا مسئلہ یقینی طور پر اُٹھایا جائے گا۔ وہ کاریکرتا مہا کمبھ سے خطاب کررہے تھے جس میں پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ ریاست میں جاریہ سال کے اواخر میں انتخابات مقرر ہیں۔ اُنھوں نے بی جے پی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ میرا بوتھ سب سے مشہور کا تصور ختم کردیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں 20 لاکھ بوتھ ہیں اور ہر بوتھ کو اتنا مستحکم بنایا جانا چاہئے کہ پارٹی کی وہاں سے کامیابی یقینی ہوجائے۔ صدر بی جے پی امیت شاہ اور چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان بھی اِس جلسہ عام میں موجود تھے۔