ووٹنگ کے بعد مودی کا روڈ شو ، کانگریس کی شکایت

نئی دہلی۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج الیکشن کمیشن سے رجوع ہوکر الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد روڈ شو منعقد کیا جس میں انہوں نے سیاسی ریمارکس کرتے ہوئے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ۔ کانگریس نے مطالبہ کیا کہ ان پر لاپرواہ لیڈر بننے کی پاداش میں 2 تا 3 یوم کیلئے انتخابی مہم چلانے پر پابندی کی جائے۔ اپوزیشن پارٹی نے الیکشن کمیشن کو صدر بی جے پی امیت شاہ کی جانب سے بھی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر نمائندگی کی اور ان کے خلاف بھی 72 گھنٹے کی پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ ابھیشیک سنگھوی، جئے رام رمیش اور کے راجو پر مشتمل کانگریس وفد نے کمیشن کو بتایا کہ امیت شاہ نے انتخابی جلسہ میں کھلے عام بالا کوٹ فضائی حملوں کا موضوع چھیڑا اور پلوامہ حملہ ، نیز مسلح افواج کے تذکرے بھی کئے۔ اس طرح انہوں نے مغربی بنگال کے کرشنا نگر میں رائے دہندوں کی ہمدردی حاصل کرتے ہوئے ووٹ مانگنے کی کوشش کی۔