ووٹنگ کی اہمیت کا پیغام دینے والی’بھوت ناتھ ریٹرنس‘ کو ٹیکس سے استثنیٰ کا مطالبہ

جموں۔/22اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) امیتابھ بچن کی اداکاری سے سجی ’’ بھوت ناتھ ریٹرنس‘‘ جس میں ووٹنگ کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے، لہذا الیکشن کمیشن سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر اس فلم کا تفریحی ٹیکس معاف کردیا جائے تو ملک کے زیادہ سے زیادہ عوام فلم سے لطف اندوز ہوتے ہوئے ایک اہم پیغام کو سمجھیں گے۔ ایک میڈیا تنظیم نے اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن کو داخل کردہ ایک درخواست میں کہا ہے کہ ملک میں چونکہ عام انتخابات کا سلسلہ جاری ہے لہذا موقع کی مناسبت سے فلم کو تفریحی ٹیکس سے استثنیٰ دیا جانا بروقت ہوگا۔U4U Vioce نامی میڈیا تنظیم نے کہا ہے کہ ملک کی تمام ریاستی حکومتوں کو فلم کے ذریعہ دیئے گئے اہم پیغام کو عام کرنا چاہیئے تاکہ ہر ووٹر کو یہ احساس ہوجائے کہ اسے ووٹر شناختی کارڈ بنانا کتنا ضروری ہے اور الیکشن کے دن کو صر ف تعطیل سمجھتے ہوئے یوں ہی بیکار ( ووٹ دیئے بغیر) نہیں گزارنا چاہیئے۔ فلم کی کہانی کے مطابق ایک بھوت ( امیتابھ بچن) کی دوستی ایک بچے سے ہوجاتی ہے اور اس کے بعد وہ ملک کے لالچی اور خطرناک سیاستدانوں کے خلاف الیکشن لڑتا ہے۔ الیکشن کے موقع پر فلم کو ٹیکس سے استثنیٰ دینے پر زیادہ سے زیادہ لوگ فلم دیکھ سکیں گے اور فلم کے ذریعہ دیئے گئے پیغام کی زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی ہوگی۔