ووٹنگ مشینوں میں چھیڑ چھاڑ کا مسئلہ

مشینوں کو ضبط کرلینے اترکھنڈ ہائیکورٹ کی ہدایت
نینی تال 27 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) اترکھنڈ ہائیکورٹ نے آج الیکشن کمیشن کو ایک نوٹس جاری کی ہے اور ریاستی حکومت کو بھی نوٹس جاری کی گئی ۔ یہ نوٹس ایک درخواست پر جاری کی گئی جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ دہرہ دون کے وکاس نگر حلقہ اسمبلی میں ووٹنگ مشینوں میں چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی ۔ ہائیکورٹ نے مشینس کو سیل کرنے اور انہیں ضبط کرلینے کی ہدایت بھی جاری کی ۔ فبروری میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے منا سنگھ چوہان نے سابق کابینی وزیر و کانگریس امیدوار نو پربھات کو 6,418 ووٹوں کے فرق سے شکست دیدی تھی ۔ نو پربھات کی درخواست پر جسٹس سائلیش کمار گپتا نے الیکشن کمیشن ‘ ا س کی ریاستی یونٹ اور ریاستی چیف سکریٹری کے علاوہ وکاس نگر کے ریٹرننگ آفیسر اور چوہان کو چھ ہفتوں کے اندر جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ ہائیکورٹ نے جوڈیشیل مجسٹریٹ وکاس نگر کو بھی ہدایت دی کہ وہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو مہربند کردیں اور اپنی تحویل میں لے لیں۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی اور اس میں خرابیاں تھیں۔ کہا گیا تھا کہ ووٹر لسٹ میں بھی کئی فرضی نام شامل کئے گئے تھے ۔ خود چوہان کو دو مقامات سے ووٹر درج کیا گیا تھا ۔