نیالکل۔/12 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ اسمبلی تحلیل اور انتخابات کے پیش نظر سینئر اقلیتی قائد ٹی آر ایس پارٹی سید محی الدین نے صحافتی بیان میں ضلع سنگاریڈی حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کی عوام بالخصوص اقلیتوں سے خواہش کی کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں اپنا اور اپنے ارکان خاندان کے ناموں کی تنقیح کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ جن کی عمر 18 سال ہوگئی ہو ایسے افراد اپنے ناموں کو فہرست رائے دہندگان میں درج کروائیں ۔ اس خصوص میں یوتھ لیول یا پھر منڈل ریونیو عہدیداروں سے ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ووٹ اقلیتوں کا جمہوری بنیادی حق ہے اور حلقہ اسمبلی ظہیرآباد، نیالکل، کوہیر، جھرہ سنگم، مگڑم پلی اقلیتوں کا صد فیصد آبادی والا علاقہ ہے اور ایسے میں رکن اسمبلی امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کیلئے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کا اندراج ہونا ناگزیرہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد سے ٹی آر ایس پارٹی کے امیدوار کی کامیابی یقینی ہے۔ ریاست تلنگانہ کی عوام حکومت کارگذار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی فلاح و بہبود اسکیمات عوامی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی اور ٹی آر ایس پارٹی حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کا مضبوط قلعہ بن چکا ہے۔