شاد نگر میں عہدیداروں کو کئی اہم ہدایتیں، ضلع کلکٹر لوکیش کمار کی میڈیا سے بات چیت
شاد نگر۔/19 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عوام رائے دہندگا ن کی فہرست میں اپنے ناموں کے اندراج کے موقع سے بھرپور استفادہ کریں ۔ کیونکہ حق رائے دہی سے استفادہ کیلئے ووٹر لسٹ میں ناموں کی شمولیت بے حد ضروری ہے۔ ووٹ ڈالنا ووٹرس کا دستوری اور بنیادی حق ہے۔ ان خیالات کا اظہار رنگاریڈی ضلع کلکٹر لوکیش کمار نے ریونیو ڈیویژنل آفس شاد نگر میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ جدید ووٹرس جن کی عمر 18سال مکمل ہوچکی ہے ایسے ووٹرس فہرست رائے دہندگان میں نام کی شمولیت کیلئے آن لائین کے ذریعہ یا پھر راست درخواست فارم کی خانہ پری کرتے ہوئے بی ایل او سنٹر یا پھر تحصیل آفس میں داخل کریں۔ نام کی غلطی کو تصحیح کرنے کیلئے فارم 8 کا استعمال کریں۔ ووٹر لسٹ سے نام کے اخراج کیلئے فارم 7 کا استعمال کرنے پر زور دیا۔ نمائندہ سیاست شاد نگر منصور علی خاں نے سوال کیا کہ کئی ایک ووٹرس کے نام بلا کسی علم و اطلاع کے فہرست سے خارج کردیئے گئے اور کئی ایک ووٹرس کے نام ڈبل ہیں ۔ ووٹر لسٹ میں ووٹر کا نام یہاں پر بھی ہے اور دوسرے اسمبلی حلقہ میں بھی موجود ہے۔ اس کی کس طرح نشاندہی کریں گے۔ جواب میں کلکٹر رنگاریڈی لوکیش کمار نے بتایا کہ ڈبل نام کی جانچ آن لائن کے ذریعہ کی جاسکتی ہے۔ اگر کسی کا نام حذف کیا گیا ہو تو دوبارہ نام کی شمولیت کیلئے آن لائن یا پھر راست فارم کی خانہ پری کے ذریعہ کرسکتے ہیں۔ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت اور خارج کئے جانے کے عمل میں متعلقہ عہدیدار شفافیت کے ساتھ کام کریں گے۔ قبل ازیں ضلع کلکٹر رنگاریڈی لوکیش کمار نے جوائنٹ کلکٹر رنگاریڈی ہریش ، ریونیو ڈیویژنل آفیسر ایم کرشنا اور شاد نگر اسمبلی حلقہ کے تمام چھ منڈلوں کے تحصیلدار اور الیکشن ڈی ٹی عہدیداروں کو کئی ایک اہم ہدایتیں دی۔ فہرست رائے دہندگان کے کام پر اعلیٰ عہدیدار راست نگرانی کررہے ہیں۔ فہرست رائے دہندگان کا عمل مکمل ہونے پر عوام سیاسی جماعتوں کو فہرست، سی ڈی یا پھر زیراکس کاپی فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر سرکاری محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔