یادگیر۔ 11 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انڈین یونین مسلم لیگ یادگیر کی جانب سے ایک یادداشت ڈپٹی کمشنر یادگیر کو دی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ووٹر لسٹ کو اُردو زبان میں بھی شائع کیا جائے کیونکہ دستوری حق کے مطابق جہاں 15% آبادی ہو، وہاں ان کی مادری زبان میں ووٹر لسٹ شائع کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ الیکشن کمشنر آف انڈیا سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ضلع گلبرگہ اور بیدر کی طرح ضلع یادگیر میں بھی اُردو زبان میں ووٹر لسٹ شائع کی جائے۔ انڈین یونین مسلم لیگ ضلع یادگیر کے صدر مبین احمد حیدری نے اس موقع پر کہا کہ ضلع یادگیر میں 40% آبادی اُردو زبان بولنے، پڑھنے اور لکھنے والوں کی مادری زبان ہے۔ اس موقع پر حاجی کریم سکریٹری عبداللہ بن احمد چاؤش خازن کے علاوہ انڈین یونین مسلم لیگ ضلع یادگیر کے اراکین جماعت موجود تھے۔