ووٹر آئی ڈی ،آئی ای ڈی سے زیادہ طاقتور

ممتا وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہی ہیں ، اس کا نیلام نہیں ہوتا ، آسنسول میں وزیراعظم کا انتخابی جلسہ سے خطاب
احمد آباد ۔ /23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ووٹر آئی ڈی ، آئی ای ڈی سے زیادہ طاقتور ہے جسے دہشت گرد استعمال کرتے ہیں ۔ انہوں نے اپنا حق رائے دہی آبائی ریاست گجرات میں ایک مرکز رائے دہی پر استعمال کرنے کے بعد حاضرین سے بات چیت کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی جمہوریت مثال پیش کرتی ہے ۔ ایک طرف آئی ای ڈی ہے جو دہشت گردوں کا ہتھیار ہے تو دوسری طرف ووٹر آئی ڈی ہے جو آئی ای ڈی سے زیادہ طاقتور ہے ۔ اس لئے رائے دہندوں کو چاہئیے کہ اپنے حق رائے دہی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں ۔ مغربی بنگال کے علاقہ آسنسول سے موصولہ اطلاع کے بموجب ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج تبصرہ کیا کہ صدر ترنمول کانگریس ممتابنرجی وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم کا عہدہ نیلام ہوتا تو وہ اسے خریدسکتیں ، لیکن ایسا نہیں ہے ۔ چٹ فنڈ اسکامس میں لوٹی ہوئی رقم سے یہ عہدہ خریدا نہیں جاسکتا ۔ وہ صنعتی قصبہ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے جس میں انہوں نے بنگال میں چٹ فنڈ اسکامس کا تذکرہ کیا ۔ مودی نے کہا کہ عوام مصائب کا شکار ہیں جبکہ ریاست کی چیف منسٹر ان افراد کے ساتھ روابط میں اضافہ کررہی ہیں اور شہ نشین پر نظر آرہی ہیں جو اسکامس میں ملوث ہیں ۔ اپنی تنقید ممتا بنرجی تک محدود رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ممتا دیدی قبل ازیں درانداز بن گئی تھیں اور اپنے کارکنوں کو اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کیلئے استعمال کررہی تھیں ۔ یہاں تک کہ غیرملکی بھی ان کی انتخابی مہم میں شامل ہوئے تھے ۔ ممتا دیدی کو اس پر شرم آنی چاہئیے ۔ ان کا مذاق اڑاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بنگال ترقی کا نمونہ ہے ۔ دھمکیاں دے کر رقم وصول کرنے کا مثالی نمونہ ممتا دیدی نے اپنی پارٹی کی انتخابی مہم چلانے کیلئے غیرملکیوں کو بھی استعمال کیا تھا لیکن ہم نے اس کی اجازت نہیں دی ۔ ممتابنرجی مجھے گالیاں دے رہی ہیں ، برہم ہورہی ہیں اور الیکشن کمیشن پر ان کی برہمی سے ان کی مایوسی جھلکتی ہے جو لوک سبھا انتخابات میں اپنی ناکامی کے خوف سے انہیں ہوگئی ہے ۔