محبوب نگر ۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ضلع کلکٹر گریجا شنکر نے کہا کہ ضلع کے عوام میں رائے دہی کے تعلق سے شعور بیداری کی جو مہم شروع کی تھی، اس کے حوصلہ افزاء نتائج ظاہر ہوئے ہیں چنانچہ حالیہ منعقدہ میونسپلٹی اور ایم پی ٹی سی و زیڈ پی ٹی سی میں اس کا اثر محسوس کیا گیا۔ انہوں نے سیاست نیوز کو بتایا کہ ووٹ کے جمہوری حق کے عوام کو آگاہ کرنا اور اس کے استعمال کی ضرورت پر منڈل سطح پر کئی ایک پروگرامس منعقد کئے گئے جس کے نتیجہ میں بلدی انتخابات میں 75.5 فیصد رائے دہی ہوئی جو کہ گزشتہ کے مقابل 10 فیصد زائد ہے۔ اسی طرح 6 اپریل کو پہلے مرحلے کے زیڈ پی ٹی سی و ایم پی ٹی سی کے انتخابات میں بھی 79.13 پولنگ ہوئی جبکہ جملہ رائے دہندگان 12,55,180 تھے جس میں سے 9,93,264 نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ سب سے زیادہ گدوال میں 86.86 اور سب سے کم جنگلاتی علاقہ لنگال میں 70.81 پولنگ ہوئی۔ 2006ء میں ہوئے زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی کا جائزہ لیا جائے تو پولنگ کے فیصد میں اضافہ ہوا ہے۔ عام انتخابات کی تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام تیاریاں عنقریب مکمل ہوجائیں گی۔ پولنگ اسٹاف کو ٹریننگ کا کام بھی اطمینان بخش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولنگ اسٹاف میں غیرماہ ہونے والوں کو معطل کیا جائے گا۔ انہوں اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ تربیتی کیمپ میں بعض پریسائیڈنگ و اسٹنٹ پریسائیڈنگ آفیسرس غیرحاضر رہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ آئندہ کیمپ میں غیرحاضر ہونے پر سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ 30 مارچ کو منعقدہ بلدی انتخابات کے نتائج کیلئے سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق 206 وارڈز کے 414 ای وی ایم مشینوں کو مستقر کے میونسپل آفس اور جے پی این سی ای کالج کے اسٹرانگ رومس میں محفوظ کیا گیا۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر 7 مئی کے بعد رائے شماری کے کام کا آغاز ہوگا۔