نئی دہلی / ممبئی 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے آج معذرت خواہی کی کہ ممبئی میں رائے دہندگان کی فہرست سے بڑی تعداد میں نام غائب پائے گئے۔ اس طرح کمیشن نے لغزش کا اعتراف کیا، حالانکہ اس معاملے میں بعض گوشے ایک دوسرے پر الزام تھوپنے لگے تھے۔ ممبئی میں کل منعقدہ لوک سبھا چناؤ کے ایک روز بعد بی جے پی کے ممبئی نارتھ ایسٹ امیدوار کرت سومیا نے پولیس میں شکایت داخل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے حکام پر مجرمانہ غفلت برتنے کا الزام عائد کیا، جب کہ چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ کم از کم ممبئی میں اہل رائے دہندگان کو ویب سائٹ پر اپنے ناموں کی جانچ کے معاملے میں اس قدر لاپرواہ نہیں ہونا چاہئے۔ دہلی میں الیکشن کمشنر ایچ ایس برہما نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ وہ اس معاملے میں معذرت خواہ ہیں۔