انچیان ۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایشین گیمس کے پول اے میں ہندوستانی وومنس ہاکی ٹیم نے اپنی مہم کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے خود سے کم درجہ پر موجود ٹیم تھائی لینڈ کو 3-0 سے شکست دیتے ہوئے یکطرفہ مقابلہ اپنے نام کرلیا ہے۔ مقابلہ کے آغاز پر 15 ویں منٹ میں پونم رانی نے پہلا گول بناتے ہوئے ٹیم کو سبقت دلوائی، جس کے بعد 39 ویں منٹ میں وندنا کیٹریکا نے دوسرا اور پھر 53 منٹ میں تیسرا گولڈ کیا اور قومی ہاکی ٹیم نے سیان ہاک اسٹیڈیم میں شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے اپنے پہلے مقابلہ میں حریف ٹیم کو مکمل یکطرفہ مقابلہ میں شکست دی ہے لیکن ٹیم کیلئے یہ تشویش کا باعث ہے کہ جو 22 نشانہ گول پر لگائے گئے تھے ان میں صرف 3 کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جیسا کہ تھائی لینڈ جیسی ٹیم کے خلاف صرف 3 گول اسکور کئے گئے ہیں۔ رانی رامپال کو گول بنانے کے 6 مواقع ملے لیکن وہ صرف ایک مرتبہ گول بنانے میں کامیاب ہو پائی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو ایشین گیمس کے افتتاحی مقابلہ میں خود کو کھیل سے ہم آہنگ کرنے کیلئے کچھ وقت لگا لیکن ایک آسان حریف تھائی لینڈ کے خلاف اسے اس تاخیر کا زیادہ نقصان نہیں ہوا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلے، تیسرے اور چوتھے مرحلہ میں گول بنائے ہیں۔ ریتو رانی کی زیرقیادت ٹیم کو 15 ویں منٹ میں پہلا گول بنانے کا موقع اس وقت ملا جب پنالٹی کارنر کے ذریعہ حاصل ہونے والی گیند کو پونم رانی نے کامیابی کے ساتھ نشانہ میں داغ دیا۔ ہندوستان کا 24 ستمبر کو دوسرا مقابلہ چین سے ہے اور اس مقابلہ میں بھی ہندوستان پسندیدہ ٹیم ہے۔