سلہٹ 23 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وومنس ورلڈ ٹونٹی 20 میں ہندوستانی ٹیم کا کل سری لنکا سے مقابلہ ہونے والا ہے ۔ سری لنکا نے اس میچ سے قبل اچھا مظاہرہ کیا ہے اور اس کے حوصلے بلند ہیں جبکہ ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے اس ٹورنمنٹ کیلئے اچھی تیاریاں نہیں کی ہیں۔ حالیہ وقتوں میں ہندوستانی وومنس ٹیم کا بڑی ٹیموں سے کوئی مقابلہ نہیں ہوا ہے اور ٹیم کا مظاہرہ بھی وارم اپ میچس میں اچھا نہیں رہا ہے ۔ اسے نیوزی لینڈ کے خلاف 17 رنوں سے شکست ہوئی تھی جبکہ آئر لینڈ کے خلاف اس نے 26 رنوں سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہندوستان کو جاریہ سال کے اوائل میں سری لنکا کے خلاف باہمی ٹی 20 مقابلوں میں 1 – 2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔
متالی راج کی قیادت والی ٹیم اس سیریز شکست کا بدلہ لینے کی کل کے میچ میں کوشش کریگی ۔ ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف ہونے والے میچ کیلئے اپنی بیٹنگ لائین اپ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے ۔ ٹیم کی کپتان اور سب سے بہترین بلے باز متالی راج 3 نمبر پر بیٹنگ کرنے کی بجائے اب اوپننگ کرینگی ۔ وہ وارم اپ میچس میں اچھا مظاہرہ کرچکی ہیں۔ پونم راوت کو مڈل آرڈر میں بیٹنگ کیلئے بھیجا جائیگا تاکہ وہ ٹیم کو استحکام دے سکیں۔ وائس کیپٹن ہرمن پریت کور ‘ سینئر کھلاڑی جھولن گوسوامی بولنگ میں ذمہ داری سنبھالیں گی ۔ ہندوستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کرنے پوری تیاری کے ساتھ میدان پر اترنا چاہتی ہے ۔ دوسری جانب سری لنکا کی ٹیم بھی سابقہ کامیابیوں سے پرجوش دکھائی دیتی ہے ۔