ونڈے اورٹوئنٹی20 میں جادو کیوں نہیں چلا:سرفراز

کراچی ۔2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا ٹسٹ ٹیم کے کپتان دنیش چنڈیمل کے اس دعوے نے کرکٹ حلقوں میں تہلکہ مچایا ہوا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف سری لنکا کی فتح میں عاملہ کی دعا کا بھی ہاتھ تھا؟ دو میچوں کی ٹسٹ سیریز میں کامیابی شیمانزم کی مدد سے ہوئی تھی۔ خیال رہے کہ شیمانزم ایک قدیم مذہب ہے جس میں بدروحوں کو قبضے میں رکھنے کا عقیدہ شامل ہے۔ تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ہمارا عقیدہ اسلامی تعلیمات کے مطابق قرآن مجید پر یقین ہے۔ دنیا بھر میں جادو ہوتا ہے لیکن میں چنڈیمل کی اس بات کو نہیں مانتا۔ ہم نے ٹسٹ سیریز میں خراب بیٹنگ کی اور شکست کی وجوہات سب کے سامنے ہے۔ اگر وہ اس انداز میں ٹسٹ سیریز جیت سکتے ہیں تو پھر ونڈے اور ٹی 20 میں انہیں مسلسل آٹھ میچوں میں کس طرح شکست ہوئی۔