کولمبو ۔ /3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی ونڈے انٹرنیشنل میچوں میں 100 بیٹسمین کو اسٹمپ کرنے والے دنیا کے پہلے وکٹ کیپر بن گئے ۔ دھونی نے اپنے 301 ویں ونڈے انٹرنیشنل میچ میں سری لنکا کے اکیلا دھننجیا کو آؤٹ کرتے ہوئے یہ ریکارڈ بنایا ۔ 36 سالہ دھونی اپنے کیرئیر میں 9659 رن بنانے کے علاوہ 281 کیچیس بھی لے چکے ہیں ۔ دھونی 90 ٹسٹ اور 77 ٹی ۔ 20 انٹرنیشنل میچیس کھیل چکے ہیں ۔ انہوں نے 90 ٹسٹ میچوں میں 256 کیچ لیا تھا اور ٹی ۔ 20 انٹرنیشنل میچوں میں 38 بیٹسمین کو اسٹمپ کیا ۔ ان کے کیچوں / اسٹمپنگ کا ریکارڈ 43/23 ہے ۔
عمران خان کو بھی آزادی کپ کی دعوت دینے کا اعلان
لاہور ، 03 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ورلڈ الیون سے ہونے والے آزادی کپ کے میچ دیکھنے کیلئے تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق کپتان عمران خان کو بھی دعوت دینے کا اعلان کیا ہے ۔
ڈان نیوز کے ایک پروگرام میں نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ کو ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی اصل وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر پی ایس ایل نہ ہوتی تو لاہور میں لیگ کا فائنل نہ ہوتا اور اگر لاہور میں فائنل نہ ہوتا تو ورلڈ الیون سے میچوں کا انعقاد کسی طور ممکن نہ تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ایس ایل فائنل دیکھنے کیلئے بھی سب کو دعوت دی تھی اور ان میچوں کیلئے بھی سب کو دعوت دیں گے ۔ عمران خان ہمارے کرکٹ ہیرو ہیں اور انہیں ہر حال میں میچ دیکھنے کی دعوت دیں گے ۔