ونپرتی ۔ 24 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں کو 12% فیصد تحفظات کی فوری طور پر قانون سازی کا مطالبہ کرتے ہوئے ونپرتی کے اردو میڈیم اسکول و جونیر کالج کی طالبات آر ڈی او دفتر پہنچ کر اے او لکشمی نارائنا سے نمائندگی ۔ اس اثناء میں ونپرتی مسلم یوتھ کمیٹی کے زیراہتمام ایک وفد تحصیلدار ونپرتی ملکارجن سے 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نمائندگی کی ۔ اس موقع پر خواجہ قطب الدین نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سچر کمیٹی کی سفارش پر عمل آوری کرتے ہوئے 12 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں ۔ 12 فیصد تحفظات کیلئے فی الفور قانون سازی کیلئے ٹھوس اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا ہم تمام مسلمانان ونپرتی اور طلبہ ادارہ سیاست اور زاہد علی خان صاحب کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمیشہ قوم کی ملی معاشی سماجی حالات کو مستحکم و مضبوط کرنے کیلئے ہمیشہ رہبری کی ہے ۔ تلنگانہ تحریک میں بھی ادارہ سیاست جناب زاہد علی خان ، ظہیر الدین علی خان و دیگر حضرات نے بہت اچھا رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جناب زاہد علی خان صاحب کی رہبری اور تعاون سے ریاست کے مسلمان 12 فیصد تحفظات لیکر رہیں گے ۔ اس موقع پر اردو میڈیم ہائی اسکول صدر مدرس فیاض الدین ، محمد امتیاز ، مسلم یوتھ کمیٹی کے صدر محمد عمران ، محمد جمیل ، منیرخان ، ساجد ، محمد عبدالواحد کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔