ونپرتی۔/3ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 15سال قبل ہونے والے ڈکہ زنی کے واقعات پھر دوبارہ شروع ہوئے ہیں۔ ونپرتی حلقہ میں گزشتہ دس دنوں میں ڈاکہ زنی کے دو واقعات پیش آئے ہیں۔ نصف شب کے بعد ونپرتی سے چھ کلو میٹر دور موٹر کاروں اور موٹر سیکلوں کو رکا کر ہتھیار دکھاتے ہوئے رقم لوٹنا بعض نامعلوم افراد کی جانب سے ایک مشغلہ بن چکا ہے ۔ پولیس نے ان ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے کیلئے بندوبست میں سرعت پیدا کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ 24تاریخ کو ونپرتی کے رہنے والے ناگاراجو نامی شخص کسی کام سے کرنول میں بذریعہ کار سفر کرکے نصف شب کے بعد ونپرتی لوٹ رہا تھا کہ ونپرتی سے پانچ کیلو میٹر دوری پر ترملیا گٹہ کے پاس بعض ڈاکوؤں نے راستہ میں درختوں کے پیڑ ڈال کر رکھے تھے۔ ناگا راجو نے کار روک کر کار سے اترا تو دو ڈاکو جو چھاڑیوں میں چھپے ہوئے تھے فوری ناگاراجو پر جھپٹ پڑے اور اسے ہتھیاروں سے ڈراتے ہوئے نقد تین ہزار رقم لے کر فرار ہوگئے۔ پولیس کو اطلاع دینے پر 20منٹ بعد پولیس وہاں پہنچی مگر اس وقت تک ڈکو فرار ہوچکے تھے۔ اس خبر کو ابھی بھولے بھی نہ تھے کہ ونپرتی سے محبوب نگر جانے والے مریض جس کی حالت تشویشناک تھی محبوب نگر علاقہ کیلئے اتوار کی نصف شب ایمبولنس میں محبوب نگر جارہے تھے کہ گومپو گیٹکے پاس بعض نامعلوم ڈاکوؤں نے اس ایمولنس کو کو روک کر ان پر حملہ کیا اور نقد پانچ ہزار روپئے مریض کے رشتہ داروں کے زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ان واقعات پر ونپرتی کی عوام میں خوف و دہشت کا ماحول چھایا ہوا ہے۔ یہ واقعات آدھی رات کے بعد رونما ہورہے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ یہ ڈاکو ماہر اور تجربہ کار معلوم ہورہے ہیں۔ رات کے اوقات میں سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت نہ ہونے سے یہ واقعات پیش آرہے ہیں۔ اس واقعہ کے بعد پولیس پٹرولنگ میں سرعت پیدا کردی گئی ہے۔ پولیس عہدیداروں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آدھی رات کے بعد ان راستوں پر موٹر سیکل اور کاروں میں سفر نہ کریں۔