ونپرتی۔/24 فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ونپرتی میں تین دن قبل ونپرتی ایریا ہاسپٹل میں مریض کے فوت ہونے پر متوفی مریض کے افراد خاندان کی جانب سے ڈیوٹی انجام دینے والے ڈاکٹر وجئے کمار پر حملہ کرنے کے خلاف آج ونپرتی ایریا ہاسپٹل کے تمام ڈاکٹرس، نرسیس اور اسٹاف نے احتجاج کیا۔ اس احتجاج میں پرائیویٹ ڈاکٹرس اسوسی ایشن کے ڈاکٹروں نے اظہار یگانگت کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر رمیش بابو نے بات کرتے ہوئے کہا کہ مریض ہمارے لئے دشمن نہیں ہے اور ڈاکٹرس کسی بھی مریض کو موت کے گھاٹ اتارنا نہیں چاہتا لیکن مریض کی موت ہونے پر اس کا ذمہ دار ڈاکٹر کو بتاکر اس پر حملہ کرنا قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر پر حملہ کرنے والے افراد کے خلاف فوری سخت کارروائی کی جائے ورنہ احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی۔ اس احتجاج میں ڈاکٹر عبدالرؤف، ڈاکٹر مرلیدھر، ڈاکٹر بھگونت، ڈاکٹر پرمود کمار کے علاوہ تمام اسٹاف موجود تھا۔ اس احتجاج کی وجہ سے 12گھنٹے تک ڈاکٹروں نے اپنی خدمات کو روک دیا جس سے ایمرجنسی اور او پی وارڈز کے پاس مریضوں کی کافی تعداد دیکھی گئی۔ ڈاکٹروں کے احتجاج سے دوردراز اور اطراف و اکناف کے مریضوں کو کافی مشکلات پیش آئیں اور وہ دوپہر تک انتظار کرتے ہوئے واپس لوٹ گئے۔
ونپرتی میں عنقریب
ایل ای ڈی لائٹس
ونپرتی۔/24فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ونپرتی شہر کے تمام وارڈز میں نصب کرنے کیلئے ایل ای ڈی لائٹس فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس کی اطلاع ونپرتی میونسپل چیرمین بی رمیش گوڑ نے دی۔ آج مستقر ونپرتی کے وارڈ نمبر 16میں 5لاکھ کی لاگت سے 7 ہائی ماسٹ لائٹس کا انہوں نے افتتاح کیا۔ بعد ازاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایل ای ڈی لائٹس کی عوام خواہش کررہے ہیں۔ ان کی خواہش پر عنقریب تمام وارڈز میں نصبکئے جائیں گے۔ اس موقع پر کونسلرس وی سریدھر، جے جے سرینو، بال راج کے علاوہ دیگر موجود تھے۔