ونپرتی میں قرض کے بوجھ سے دلبرداشتہ کسان کی خودکشی

ونپرتی۔/19نومبر، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ونپرتی منڈل کے پدا گوڈیم دیہات کا51سالہ کسان بوٹاماسنا نے قرض کے بوجھ کی وجہ سے خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق بوٹاماسنا اپنے دو ایکڑ اراضی پر دو بوروں کی تنصیب کی جس میں ایک بالکل ناکام ہوا اور دوسرے بور میں کم مقدار میں پانی نکلا ۔ ان دو بوروں کی تنصیب کیلئے اس نے دو لاکھ روپئے تک قرض حاصل کیا تھا۔ دیہات میں برقی کٹوتی اور بور میں کم مقدار میں پانی اور قرض کے بوجھ کی وجہ سے کھیت سوکھ جانے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے بوٹا ماسنا نے رات کے کھانے کے بعد کولڈرنک میں زہریلی دوا ملا کر پی سوگیا۔ صبح اس کی بیوی اور بچے نے ماسنا کو بیدار کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اس وقت تک فوت ہوچکا تھا۔ افراد خاندان نے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ونپرتی ایریا ہاسپٹل منتقل کیا جہاں بعد پوسٹ مارٹم نعش کو پولیس نے ورثاء کے حوالے کردیا۔ اس کی اطلاع پاکر رکن اسمبلی ونپرتی ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے ایریا ہاسپٹل پہنچ کر نعش کا دیدار کیا اور افراد خاندان کو پرسہ دیا اور حکومت کی جانب سے امداد فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر ایم پی پی شنکر نائیک، وائس ایم پی پی لکشمی کانت کے علاوہ دیگر موجود تھے۔