ونپرتی۔23جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ونپرتی کے چنپال دیہات میں واقع گورنمنٹ میناریٹی ریسیڈنشیل اسکول ایک پولٹری فارم میں چل رہا ہے ۔ کل شام اچانک پولٹری فارم میں بنائی گئی دیوار اچانک منہدم ہوگئی جس کی وجہ سے اسکول ٹیچر ارونا کا پیر ٹوٹ گیا اور اکاؤنٹنٹ راگھویندر گوڑ زخمی ہوگیا ۔ فوری ان کو دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ اگر دوسرے بازو دیوار گرتی تو بڑا حادثہ ہوسکتا تھا ۔ اس کی اطلاع ملتے ہی ایم ایل اے چنا ریڈی دواخانہ پہنچ کر مریضوں کی عیادت کی اور بعد ازاں اسکول کا معائنہ کیا ۔ آج صبح جمعیت العلماء محبوب نگر اور اپوزیشن کانگریس ‘ ٹی ڈی پی ‘ بی جے پی ‘ وائی ایس آر سی پی ‘ اے بی وی پی کے زیراہتمام اسکول کے روبرو سڑک پر راستہ روکو منظم کرتے ہوئے اسکول کو فوری ونپرتی شہر میں منتقل کرتے ہوئے نئی عمارت تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر محمد عبدالرحیم ٹی ڈی پی قائد بات کرتے ہوئے کہا کہ 2008ء میں ونپرتی میں ریسیڈنشیل اسکول قائم ہوا لیکن آج تک یہ اسکول کرایہ کی عمارت میں ہے ۔ سابق حکومت اسکول کی تعمیر کیلئے ایم ایل اے چنا ریڈی کی نمائندگی پر 9کروڑ روپئے منظور کی تھی اور چندر شیکھر ریڈی سابق ایم ایل اے نے 15 ایکڑ اراضی مختص کی تھی لیکن آج تک اس کی تعمیر نہ ہوسکی اور ماہانہ پچاس ہزار روپئے کرایہ ادا کرتے ہوئے جہاں مرغیوں کو پالا جاتا ہے وہاں معصوم بچوں کو رکھا جارہا ہے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ طلبہ کے ساتھ مذاق نہ کریں ۔ مسلمانوں کے ساتھ بلند بانگ دعوے چھوڑ کر عملی اقدامات کرے ۔ اس موقع پر نمائندہ ’’سیاست‘‘ اسکول پرنسپل سے بات کرنے پر انہوں نے کہا کہ اسکول میں جملہ 400 طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ دوپہر کے بعد یہ حادثہ پیش آیا ۔ اس میں کوئی طالب علم زخمی نہیں ہوا ہے ۔ آج کے اس راستہ روکو میں مولانا شیخ خالد امام قاسمی صدر جمعیت العلما محبوب نگر ‘ محمد افضل الدین ‘ محمد منیر الدین ‘ سید اختر ‘ محمد عبدالرحیم ‘ محمد دستگیر ‘ محمد انیس ‘ قمر میاں کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔