ونپرتی ضلع پریشد انتخابات میں کانگریس پارٹی کو سبقت

ونپرتی ۔ 15 ۔ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع پریشد اور منڈل پریشد انتخابات کے نتائج میں حلقہ اسمبلی ونپرتی کے 5 منڈلوں میں کانگریس پارٹی کو سبقت حاصل رہی ، حلقہ اسمبلی ونپرتی میں جملہ ایم پی ٹی سی 77 نشستیں ہیں جس میں کانگریس پارٹی کو 31 ، ٹی ڈی پی کو 28 ، ٹی آر ایس کو 15 ، آزاد امیدوار کو 3 نشستیں حاصل ہوئیں ۔اسی طرح ZPTC کے جملہ 5 نشستوں میں کانگریس پارٹی کو 2 ، ٹی آر ایس کو 2 اور ٹی ڈی پی کو ایک نشست حاصل ہوئی ۔ ونپرتی ضلع پریشد میں ٹی ڈی پی امیدوار وینکٹیا صرف 21 ووٹوں سے کامیابی حاصل کرنے پر کانگریس پارٹی امیدوار مورتی نے ریٹرننگ آفیسر سے مطالبہ کیا کہ وہ دوبارہ رائے شماری کرے جس پر ریٹرننگ آفیسر نے دوبارہ رائے شماری کرنے کا فیصلہ کیا جس کی ٹی ڈی پی قائدین نے محالفت کی ۔ آخر کار رات 1 بجے تک دوبارہ رائے شماری کی گئی جس میں ٹی ڈی پی امیدوار کو ایک ووٹ زائد ہو کر 22 ووٹوں سے کامیابی ملی اور ضلع پریشد نشست پر ٹی ڈی پی کا قبضہ رہا ۔