ونپرتی ضلع میں پارٹی صدور کے انتخاب کیلئے سرگرمیاں عروج پر

ونپرتی۔/30اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ونپرتی ضلع بننے کے بعد ضلع میں سیاسی سرگرمیاں شروع ہوچکی ہیں۔ تمام سیاسی جماعتیں ضلع کے نئے صدر کے انتخاب کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔ محبوب نگر ضلع پوری ریاست میں بڑا ضلع مانا جاتا تھا جس سے دیگر تعلقوں کے قائدین کو اس ضلع کا پارٹی صدر بننا کافی دشوار تھا لیکن نئے اضلاع کی توسیع میں چھوٹے چھوٹے اضلاع بننے کے بعد ہر پارٹی کے قائدین میں عہدہ حاصل کرنے کیلئے ایک سنہری موقع فراہم ہوا۔ جس سے قائدین عہدہ حاصل کرنے کیلئے پارٹی سربراہ، ایم ایل اے، ایم پی اور سینئر قائدین کے ارد گرد پھررہے ہیں۔ ونپرتی ضلع صدر کیلئے برسر اقتدار ٹی آر ایس پارٹی میں کافی شدید مقابلہ چل رہا ہے۔ پلاننگ بورڈ وائس چیرمین نرنجن ریڈی کے قریبی شخص کو یہ عہدہ مختص کئے جانے کی اُمید ہے جس میں کانگریس پارٹی سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے سینئر قائد سابق میونسپل چیرمین بی لکشمیا، موجودہ ٹاؤن صدر گٹویادو، ٹی آر ایس سینئر قائد ستیش کمار، سولی پور روی قابل ذکر ہیں۔ کانگریس پارٹی میں ٹاؤن کانگریس پارٹی صدر شنکر پرساد، سرینواس گوڑ، ٹی ڈی پی سے ٹاؤن صدر نندی اشوک، کونسلر نرمل، سینئر قائد بی راملو، محمد عبدالرحیم شامل ہیں۔ بی جے پی میں بھی کافی مقابلہ چل رہا ہے۔ سی پی ایم پارٹی نے محمد عبدالجبار کو جنرل سکریٹری کی حیثیت سے نامزد کیا ہے۔ تمام سیاسی پارٹیاں 2019 کے انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی باڈی کا انتخاب کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ابھی سے محنت کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں میں نئی جان ڈالنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہ کوشش کررہے ہیں۔ صدر کے انتخاب میں تمام سیاسی جماعتیں ذی اثر اہل ثروت قائدین کو نشانہ بنارہے ہیں۔ اہل ثروت قائدین کے انتخاب کرنے سے پارٹی پروگرام کے انعقاد میں مالیہ فراہمی کا کوئی مسئلہ نہ رہے گا۔