حیدرآباد /7 مئی ( سیاست نیوز ) ونستھلی پورم پولیس نے سنسنی خیز ٹفن سنٹر قتل کیس میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ روز 28 سالہ شخص کرشنا چیتنیہ کا قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کو بیارل میں بند کردیا گیا تھا ۔ پولیس اس کیس کے خاطیوں کو تلاش کر رہی تھی جنہیں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ آپسی خصومت اور کاروباری رنجش ہی اس سنسنی خیز قتل کی وجہ بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں 31 سالہ بی گری ساکن پناما چوراہا ونستھلی پورم متوطن سوریہ پیٹ اور اس کے ورکر 24 سالہ دیاکر کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق گری سابق میں سوریہ پیٹ میں قتل کی وارداتیں انجام دے چکا ہے اور اس نے چیتنیہ سے خصومت کے تحت منصوبہ بند طریقہ سے شراب خانے سے ٹفن سنٹر طلب کیا اور پہلے چاقو سے اس کا گلہ کاٹنے کے بعد سینے اور کان پر حملہ کیا متعدد وار کرتے ہوئے اسے قتل کردیا اور اس کی نعش کو دباکر بیرل میں بند کردیا ۔ اطلاع پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نعش کو برآمد کرلیا تھا اور قاتلوں کی تلاش میں تھی جنہیں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔