وندے ماترم کہنے پر طلبہ کی پٹائی کے الزام میں ٹیچر معطل

مرزاپور، 30دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے مرزا پور کے ایک پرائمری اسکول میں وندے ماترم بولنے پر طلبہ کی پٹائی کرنے کے الزام میں ایک ٹیچر کو معطل کردیا گیا ہے ۔ضلع کے جعفرخانی پرائمری اسکول کے طلبہ کے اسکول ٹیچر شاہد فیصل پر وندے ماترم اور بھارت ماتا کی جے بولنے پر پٹائی کرنے کی شکایت اپنے گھر والوں سے کی تھی۔ معاملے کی سنگینی کے مدنظر سرپرستوں نے اس کی شکایت بی ایس اے اور ضلع انتظامیہ سے کی۔ضلع مجسٹریٹ ومل کمار دوبے نے بیسک ایجوکیشن افسر کو معاملے کی انکوائری کا حکم دیا ۔ بی ایس اے پروین کمار تیواری نے بتایا کہ معاملے کی جانچ کے بعد بادی النظر میں ٹیچر کا رول غلط پایا گیا ۔ لہذا انہیں کل معطل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جانچ میں کئی طلبہ کے بیانات لئے گئے ۔ اے ڈی ایم اویناش تیواری نے اسکول پہونچ کر ٹیچروں، سرپرستوں اور طلبہ سے بات کی ، سب نے ٹیچر کی شکایت کی۔جعفر خانی پرائمری اسکول میں اس وقت 140 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ انہیں دو سکشا متراور شاہد فیصل پڑھاتے ہیں۔ گذشتہ جمعرات کو اسکول کے کئی طلبہ نے شکایت کی تھی کہ بھارت ماتا کی جے اور وندے ماترم بولنے پر شاہد فیصل ان کی پٹائی کرتے ہیں۔ شکایت کرنے والے طلبہ میں کئی مسلم طلبہ بھی شامل تھے ۔