دونوں اسٹار بہتر مظاہرہ اور کھویا ہوا وقار بحال کرنے کوشاں۔ فٹنس ے تعلق سے پرامید۔ پرکٹس اور ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری
لندن 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ومبلڈن ٹینس ٹورنمنٹ میں اینڈی مرے اور نواک جوکووچ کی واپسی ہو رہی ہے اور دونوں ہی کھلاڑی اس میں بہتر مظاہرہ کے خواہاں ہیں۔ دونوں کھلاڑی ومبلڈن سے قبل کوئینس کلب ٹورنمنٹ میں حصہ لینے جارہے ہیں۔ اینڈی مرے اپنے کولہے کی سرجری کے بعد اب تقریبا ایک سال کے وقفہ کے بعد ٹینس کورٹ پر واپسی کرینگے جبکہ ان کے دیرینہ حریف نواک جوکووچ بھی خطابی کامیابی سے محرومی کو ختم کرنے کوشاں ہیں۔ اینڈی مرے نے گذشتہ سال جولائی میں ومبلڈن کوارٹر فائنلس میں شکست کھانے کے بعد سے کوئی مسابقتی ٹورنمنٹ میں حصہ نہیں لیا ہے جبکہ ان کے کولہے کی سرجری کے بعد ان کا گذشتہ سیزن اچانک ختم ہوگیا تھا ۔ سابقہ عالمی نمبر ایک مرے کی جنوری میں سرجری ہوئی تھی جب انہوں نے 2017 یو ایس اوپن اور جاریہ سال کے آسٹریلین اوپن سے دستبرداری اختیار کرلی تھی ۔ مرے نے گراس کورٹ ٹورنمنٹ روسمالین میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا تاہم پھر لمحہ آخر میں دستبرداری اختیار کرلی جس کے بعد ہنوز یہ اندیشے ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ آیا وہ ومبلڈن کیلئے بھی دستیاب ہوسکیں گے یا نہیں۔ تاہم دو مرتبہ کے ومبلڈن چمپئن مرے گذشتہ پندرہ دن سے مسلسل پریکٹس کر رہے ہیں اور انہوں نے جمعہ کو کوئینس کلب میں اپنے ساتھی برطانوی کھلاڑی کیمرون نوری کے ساتھ ورک آوٹ بھی کیا جس کے بعد وہ مطمئن ہیں کہ ومبلڈن میں واپسی کرسکیں گے ۔ مرے نے کہا کہ وہ گذشتہ دو ہفتوں سے پریکٹس کر رہے ہیں اور ہر روز بہتری ہوتی جا رہی ہے ۔ انہوں نے ایک ہفتے پہلے سے سیٹس کھیلنے بھی شروع کردئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سات یا آٹھ سیٹ کھیل چکے ہیں اور وہ دیکھنا چاہتے تھے کہ دو سیٹ کھیلنے کے بعد انہیں کیا محسوس ہوتا ہے ۔
آج صبح انہوں نے فزیو سے چیک اپ کروایا ہے اور ان میں اب کوئی فٹنس کا مسئلہ نہیں ہے ۔ انہیں اب کوئی مسئلہ نہیں ہے اور سب کچھ مثبت ہے ۔ یہ نتیجہ ان کیلئے اچھا ہے اس لئے انہوں نے ومبلڈن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہیں آسٹریلیا کے نک کرگئیوس کے خلاف ومبلڈن کے آغاز میں 2 جولائی کو مقابلہ کرنا ہے ۔ اینڈی مرے کوئینس کلب ٹورنمنٹ پانچ مرتبہ جیت چکے ہیں اور وہ گذشتہ نومبر میں روجر فیڈرر کے خلاف ایک امدادی میچ میں اور رابرٹو باؤٹسٹا کے خلاف ڈسمبر میں ایک نمائشی میچ میں ہی دیکھے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اتنے طویل وقت کے بعد جب وہ کورٹ پر واپس ہونگے اور کرگئیوس سے مقابلہ کرینگے تو قدرے فکر کی بات تو ہوگی ۔ ان کے خیال میں زخم سے صحتیاب ہو کر دوبارہ میدان پر واپسی کرنا ہمیشہ آسان نہیں رہتا ۔ آپ کو خود پتہ نہیں ہوتا کہ آپ کب تیار ہونگے لیکن انہیں امیدہے کہ وہ بہت جلد مسابقت شروع کرینگے اور امید ہے کہ اچھا کھیلیں گے ۔ مرے کی طرح جوکووچ بھی ایک صبر آزما دور سے گذر رہے ہیں۔ فرنچ اوپن کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد وہ عالمی رینکنگ میں 21 ویں نمبر پر پہونچ گئے ہیں۔ جوکووچ 2016 میں آخری مرتبہ فرنچ اوپن کامیاب رہے تھے ۔ وہ اپنے گذشتہ پانچ گرانڈ سلام ٹورنمنٹس میں کسی میں بھی سیمی فائنلس تک رسائی حاصل نہیں کرسکے ہیں۔ جوکووچ عموما گرانڈ سلام سے قبل کوئینس کلب ٹورنمنٹ نہیں کھیلتے لیکن اس بار وہ اس کے برخلافکر رہے ہیں۔ جوکووچ کا کہنا ہے کہ کوئینس کلب بہت اہمیت کا حامل ہے اور انہیں خوشی ہے کہ انہیں اس طرح کے ایک اہم ٹورنمنٹ میں حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے اور اس ٹورنمنٹ سے ومبلڈن کی تیاری میں بھی مدد ملے گی ۔ جوکووچ کو پہلے راونڈ میں ایک کوالیفائر کا سامنا ہے جبکہ آئندہ کے میچس سخت مقابلہ والے ہوسکتے ہیں۔