ومبلڈن ٹینس :سرینا ولیمس نے ہیتھر واٹسن کو شکست دے دی

لندن ۔4جولائی( سیاست ڈاٹ کام ) لندن میں ہونے والے ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں امریکہ کی سرینا ولیمز نے سخت مقابلے کے بعد برطانیہ کی ہیتھر واٹسن کو شکست دیدی۔ ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں امریکہ کی عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز اور برطانیہ کی نمبر ایک ہیتھر واٹسن میں مقابلہ ہوا۔ دونوں ورلڈ کلاس پلیئرز کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز میچ دیکھنے کو ملا۔ امریکی ٹینس سٹار نے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تیسرے سیٹ میں 23 سالہ برطانوی پلیئر کو شکست دیدی۔ ان کی جیت کا سکور چھ دو ، چار چھ اور سات پانچ رہا۔ 20 مرتبہ گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کرنے والی عالمی نمبر ایک پلیئر اگلے میچ میں اپنی بہن وینس ولیمز کیخلاف میدان میں اتریں گی۔