ومبلڈن : شاراپوا ، سرینا، آزرنکا اور جوکویچ ابتدائی آزمائش میں کامیاب

لندن، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) ومبلڈن ٹینس ٹورنمنٹ میں ٹاپ سیڈز نواک جوکویچ، سرینا ولیمز، روسی ساحرہ ماریا شاراپوا اور بیلاروسی اسٹار وکٹوریہ آزرنکا ابتدائی آزمائشوں میں سرخرو ہوگئے۔ 9 ویں سیڈ اسپین کی کارلا سواریز نیوارو اور تجربہ کار اطالوی کھلاڑی فلاویا پنیٹا ابتدائی راؤنڈ کی مہمان بن گئیں۔ سیزن کا تیسرا گرانڈ سلام ومبلڈن گزشتہ روز شروع ہوگیا۔ ابتدائی دن منعقدہ میچز میں ویمنز سنگلز میں ٹاپ سیڈ امریکی اسٹار سرینا نے عالمی درجہ بندی میں 113 نمبر کی روسی مارگریٹا گیسپریان کیخلاف 6-4 اور 6-1 سے کامیابی حاصل کر لی۔ چوتھی سیڈ شاراپوا نے برطانوی حریف یوہانا کونٹا کو سیدھے سٹوں میں 6-2 اور 6-2 سے ہرا دیا۔ شاراپوا نے 2004ء میں ومبلڈن ٹائٹل اپنے نام کیا تھا لیکن اس کے بعد سے وہ آل انگلینڈ کلب ایونٹ کی ٹرافی دوبارہ نہیں جیت پائی ہیں۔ بیلاروس سے تعلق رکھنے والی سابق آسٹریلین اوپن فاتح وکٹوریہ نے پہلے مقابلے میں اسٹونیا کی اینیٹ کونٹاویٹ کو 6-2 اور 6-1 سے تختہ مشق بنایا۔ 7 ویں سیڈ سربیائی اسٹار اینا ایوانویچ نے چینی حریف یفان ژو کو 6-1 اور 6-1 سے زیر کر لیا۔ دن کا پہلا اپ سٹ 9 ویں سیڈ اسپینی کارلا کی شکست کی صورت سامنے آیا۔ انھیں لٹویا کی غیرمعروف کھلاڑی یلینا اوسٹاپینکو نے 6-2 اور 6-0 سے ہرا دیا۔ قازقستانی کھلاڑی زرینہ ڈیاس نے تجربہ کار اطالوی کھلاڑی پنیٹا کو 6-3، 2-6 اور 6-4 سے قابو کر لیا۔ کرسٹن فلپکنز نے رومانیہ کی الیگزینڈر ڈیلگیرو کو 6-2 اور6-1 سے گھر واپس لوٹا دیا۔ سارا ایرانی نے فرانسسکا شیوانے کو 6-2 ، 5-7 اور 6-1 سے زیر کیا۔ دوسری جانب مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ اور دفاعی چمپئن جوکویچ نے ابتدائی مقابلے میں جرمن حریف فلپ کوہل شریبر کو 6-4، 6-4 اور 6-4 کے یکساں اسکور سے پچھاڑ دیا۔ 9 ویں سیڈ مارن کلک نے جاپانی کھلاڑی ہوریکو موریا پر 6-3، 6-2 اور 7-6 (4-7) سے غلبہ پالیا۔ 17 ویں سیڈ جان اِزنر نے دوسرے جاپانی کھلاڑی گو سوئیڈا کو 7-6 (5-7)، 6-4 اور 6-4 سے شکست دے دی۔