ولیمسن کی شاندار بیٹنگ، نیوزی لینڈ کو سبقت

برج ٹاؤن۔ 30؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ کین ولیمسن نے ٹسٹ کریر میں اپنا انفرادی اعظم ترین اسکور بناتے ہوئے نیوزی لینڈ کو یہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے جارہے تیسرے اور فیصلہ کن ٹسٹ کے چوتھے دن 331/7 تک پہنچا دیا ہے اور اس طرح نیوزی لینڈ کو مقابلہ میں 307 رنز کی مستحکم سبقت حاصل ہوچکی ہے۔ بارش کی وجہ سے چوتھے دن کا کھیل مقررہ وقت پورا نہ کرسکا۔ ولیمسن نے چھ گھنٹے وکٹ پر ٹھہرتے ہوئے ناقابل تسخیر 161 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو مستحکم موقف میں پہنچایا ہے اور اس موقع پر تیز بارش کی وجہ سے کھیل روک دینا پڑا ہے۔ جس وقت کھیل روکا گیا تھا، اُس وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم 314/6 کے ذریعہ 290 رنز کی سبقت حاصل کرلی تھی، لیکن 20 منٹ کے بعد دوبارہ کھیل شروع ہوا جس میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 17 رنز کا اضافہ کیا، لیکن اس کے بعد بارش کی وجہ سے دوبارہ کھیل روک دیا گیا۔ بارش کی وجہ سے مقابلہ کے متاثر ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن مکالم مقابلہ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے آخری دن اننگز ختم کرنے کا اعلان کرسکتے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے لئے ولیمسن کی بیٹنگ یادگار رہی جنھوں نے اپنی اس شاندار اننگز میں 22 چوکے لگائے۔ 23 سالہ بیٹسمین کے لئے ویسٹ انڈیز کے خلاف رواں سیریز ایک یادگار سیریز ثابت ہورہی ہے جس میں انھوں نے تاحال 413 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ مکالم نے 25 رنز اسکور کرنے کے علاوہ چوتھی وکٹ کے لئے ولیمسن کے ہمراہ 67 رنز کا اضافہ کیا جب کہ آل راؤنڈر جمی نیشم نے 51 رنز اسکور کرنے کے علاوہ پانچویں وکٹ کے لئے 91 رنز کی پارٹنرشپ میں کلیدی رول ادا کیا۔ نیشم نے اپنی اننگز میں 4 چھکے اور 3 چوکے لگاتے ہوئے ایک تفریح بھری اننگز کھیلی۔