ولیمسن کی سنچری، سری لنکا کو چار وکٹ سے شکست

نیلسن۔ 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے چوتھے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو چار وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی۔ سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ ابتدائی وکٹ جلد گرنے کے باوجود تلک رتنے دلشان، کمارا سنگاکارا اور مہیلا جئے وردھنے کی ذمہ دارانہ بلے باز کی بدولت سری لنکن ٹیم 280 رنز کا مجموعہ بنانے میں کامیاب رہی۔ دلشان نے 44، سنگاکارا 76 جبکہ جئے وردھنے نے 94 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور 63 رنز تک تین مستند بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے لیکن اس موقع پر کین ولیمسن اور گرانٹ ایلیٹ نے 88 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو کچھ سنبھالا دیا۔ ایلیٹ 44 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ولیمسن نے شاندار بلے بازی جاری رکھی اور اپنی سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ کوری اینڈرسن کے ساتھ قیمتی 79 رنز کی شراکت قائم کی۔ وہ 230 کے مجموعے پر 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو دوسری جانب 15 رنز کے اضافے سے اینڈرسن بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس موقع پر میچ میں سری لنکا کا پلہ بھاری نظر آتا تھا لیکن لیوک رونچی نے جارحانہ بلے باز کی بدولت 11گیندوں قبل ہی اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔