ویلنگٹن۔28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کی ٹوئنٹی 20 ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کو برینڈن مکالم کی جگہ نیوزی لینڈ کی ٹسٹ ٹیم کا نیا قائد مقرر کردیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دنیائے کرکٹ میں ایک بڑی طاقت کی شکل دینے والے مکالم نے فروری میں آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ میچ میں سبکدوشی کا اعلان کردیا تھا۔ 2010 میں ہندوستان کے خلاف اپنے کریر کا آغاز کرنے والے کین ولیمسن کو ایک عرصے سے مکالم کا جانسشین تصور کیا جا رہا تھا جہاں وہ پہلے ہی ٹوئنٹی20 اور ونڈے میں کیوی ٹیم کی باگ ڈور سنبھال چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ ولیمسن ایک عرصے سے ٹیم میں ایک لیڈر کی حیثیت سے ہیں اور پہلے ہی خود ایک انتہائی قابل کپتان ثابت کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ سوچ کی وجہ سے ساتھی کھلاڑی اور کرکٹ حلقے میدان اور میدان سے باہر ان کی بہت عزت کرتے ہیں۔ ہندوستان میں انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے کیلئے موجود ولیمسن نے کہا کہ وہ مکالم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ٹیم کو تیار کرنا چاہتے ہیں، یہ میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیم مزید کارہائے نمایاں انجام دے سکتی ہے۔ واضح رہے کہ ولیمسن کی زیر قیادت حال ہی میں ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی اور اس ٹورنمنٹ میں اسپن بولروں کے بہترین طریقے سے استعمال پر ولیمسن کی صلاحیتوں کو کافی سراہا گیا ہے۔