ولیمسن اور ٹیلر کی سنچریاں، نیوزی لینڈ نے تیسرا ونڈے جیتا

ساؤتھمپٹن ، 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو تیسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں تین وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 سے برتری حاصل کرلی ہے۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کا انتخاب کرکے نیوزی لینڈ کو فتح کیلئے 303 رنز کا ہدف دیا جو مہمان ٹیم نے کین ولیمسن اور راس ٹیلر کی سنچریوں کی بدولت 49 اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں 36 رنز پر دو وکٹیں بشمول کیپٹن برینڈن مک کلم (11) گرجانے کے بعد ولیمسن اور ٹیلر نے 206 رنز کی زبردست شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کر دیا۔ ولیمسن 118 رنز بنانے کے بعد ڈیوڈ ویلی (3/69) کی گیند پر کیچ ہوئے جبکہ ٹیلر کو بھی ویلی نے ہی 110 کے اسکور پر بولڈ کیا۔ قبل ازیں اوئن مورگن کی انگلش ٹیم حیران کن طور پر 45.2 اوورز میں 302 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ میزبان کپتان مورگن نے 82 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے۔ انھوں نے جو روٹ کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کی شراکت میں 105 رنز بنائے۔ مورگن کے علاوہ روٹ (54) اور بین اسٹوکس (68) نے بھی نصف سنچریاں بنائیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی اور بین ویلر نے تین، تین جبکہ میٹ ہنری نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل اوول میں کھیلے گئے دوسرے ونڈے میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی۔ برمنگھم میں منعقدہ پہلے ایک روزہ مقابلے میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 210 رنز سے شکست دے تھی۔