ولیج ریونیو اور ٹاؤن پلاننگ آفیسرس معطل

سرکاری زمینات کی حفاظت میں ناکامی پر ضلع کلکٹر سدی پیٹ کے احکامات جاری

سدی پیٹ۔/30اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرکاری زمینات کی حفاظت میں ناکام ولیج ریونیو آفیسرس اور ٹاؤن پلاننگ آفیسر کو ڈسٹرکٹ کلکٹر سدی پیٹ وینکٹ رام ریڈی نے ملازمت سے معطل کرتے ہوئے احکامات جاری کیا۔ تفصیلات کے مطابق سروے نمبر 1340 میں دو سو گز سرکاری زمین پر غیر مجاز تعمیر ہونے پر آر ڈی او سدی پیٹ ستیم ریڈی نے ولیج ریونیو آفیسر سدی پیٹ ٹاؤن اینڈولہ وینکٹیش کی تساہلی پر ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ میں شکایت درج کرنے پر کلکٹر وینکٹ رام ریڈی نے وینکٹیش کو ملازمت سے معطل کیا۔ وہیں سروے نمبر 1340 میں سرکاری زمین پر بغیر اجازت جی پلس ٹو عمارت تعمیر ہونے پر اور اس عمارت کی تعمیر کو روکنے میں ناکام ہونے پر ٹاؤن پلاننگ آفیسر حبیب النساء کے خلاف بلدیہ کمشنر سدی پیٹ رمنا چاری کی جانب سے کلکٹر سے شکایت کرنے پر ڈسٹرکٹ کلکٹر وینکٹ ریڈی نے ٹی پی ایس حبیب النساء کو بھی ملازمت سے معطل کردیا۔ اسی طرح اربن گرداور پی راجیش سے بھی جواب طلب کیا گیا۔ وہیں ولیج ریونیو آفیسر یاداگیری کی تساہلی پر بھی تحصیلدار پرمیشور نے ملازمت سے معطل کردیا۔ یوں تو ٹی پی ایس حبیب النساء پر لاپرواہی کے بہانے ملازمت سے معطل کیا گیا لیکن اوقافی جائیدادیں ایسی ہیں جس پر غیر مجاز تعمیرات کی گئیں لیکن اعلیٰ عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کی آنکھیں بند ہیں۔ کھلم کھلا مقامی سدی پیٹ گاندھی چوک قبرستان کی ایک جانب سے محکمہ برقی کی جانب سے سرکاری عمارت تعمیر کی گئی جس کا پراپرٹی ٹیکس بھی محکمہ بلدیہ کی جانب سے وصول کیا جاتا ہے۔ حکومت ایسے میں اوقافی جائیدادوں پر غیر مجاز تعمیرات کو کیوں منہدم نہیں کرتی۔