محبوب نگر /5 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ولیج ریونیو آفیسرس (دیہی مالگزار آفیسر) اور وی آر اے (دیہی مالگزار مددگار) کے عہدوں پر راست تقررات کے لئے ضلع کلکٹر نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ مسٹر رام کشن ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر نے ٹاؤن رپورٹر روزنامہ سیاست کو دیئے گئے اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں تفصیلات سے واقف کرایا۔ انھوں نے بتایا کہ ضلع میں ولیج ریونیو آفیسرس کی 103 جائدادیں اور ولیج ریونیو اسسٹنٹس کی 94 جائدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ خواہش مند امیدوار بذریعہ آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں، جس کا آغاز 28 دسمبر سے ہو چکا ہے اور 13 جنوری درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ مقرر ہے۔ ڈی آر او نے مزید بتایا کہ آندھرا پردیش ریونیو اسسٹنٹس سروس رول 2005ء کے مطابق یہ تقررات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ وی آر اے کے لئے تعلیمی قابلیت دسویں کامیاب اور عمر 18 تا 37 سال کے درمیان ہونی چاہئے، جب کہ وی آر او کے لئے انٹرمیڈیٹ کامیاب اور عمر 18 تا 36 سال کے درمیان ہونی چاہئے۔
ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کے امیدواروں کی حد عمر میں 5 سال اور جسمانی معذورین کی حد عمر میں 10 سال کی رعایت رہے گی۔ امتحان کی فیس 300 روپئے مقرر ہے۔ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی امیدواروں کو نصف فیس کی رعایت رہے گی، جب کہ جسمانی معذورین کی فیس مکمل معاف رہے گی۔ امتحانات کا انعقاد 2 فروری کو ہوگا۔ وی آر او کے لئے امتحان کا وقت صبح دس تا بارہ بجے ہوگا، جب کہ وی آر اے کے لئے سہ پہر تین بجے تا شام پانچ بجے امتحان ہوگا۔ پرچہ سوالات کے تعلق سے سوال پر ڈی آر او نے بتایا کہ پرچہ سوالات تلگو، انگلش اور اردو میں فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ضلع محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے افراد ہی ضلع کی جائدادوں پر تقررات کے اہل ہوں گے۔ آخر میں انھوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ امتحانات کے بہتر انعقاد کے لئے متحرک ہوچکا ہے۔