ولسن کپسانگ نے لندن مراتھی جیت لی

لندن 13 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کینیا کے ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ولسن کپسانگ نے مینس لندن مراتھن جیت لیا ہے ۔ انہوں نے غیر سرکاری ریکارڈ کے مطابق دو گھنٹے چار منٹ اور 27 منٹ کا وقت لے کر یہ دوڑ جیتی ہے ۔ ان کے ساتھی کینیائی اتھیلیٹ اسٹانلے بیواٹ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ ایتھوپیا کے سیگائے کیبیڈے تیسرے نمبر پر رہے ۔ کیبیڈے نے گذشتہ سال یہ دوڑ جیتی تھی ۔ ایتھوپیا کے آئیلے ابشیرو نے چوتھا مقام حاصل کیا ہے ۔ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے مو فارح جو

اولمپک چمپئن اور 5,000 اور 10,000 میٹر کی دوڑ میں عالمی چمپئن ہیں اس دوڑ میں آٹھویں نمبر پر رہے ۔ انہوں نے مقابلہ کے بعد کہا کہ وہ اس دوڑ میں واپسی کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس طرح آٹھویں مقام پر رہنا نہیں چاہتے ۔ انہوں نے اپنی سی تمام کوشش کی تھی لیکن انہیں مایوسی ہوئی ہے ۔ وہ وہاں تک نہیں پہونچ سکے جہاں تک شائقین کو امید تھی ۔ انہوں نے مستقبل کے تعلق سے فوری کوئی فیصلہ کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ ایسا کچھ کہنا مشکل ہوگا ۔ وہ مایوس ہیں لیکن بعض مرتبہ حالات آپ کیلئے سازگار نہیں رہتے ۔ آپ کو اس کو قبول کرنا ہوتا ہے ۔ سیکھنا ہوتا ہے ۔ زندگی آگے بڑھتی ہے ۔