وقف کی دو جائیدادوں کو 30 سالہ لیز کی منظوری

دس جائیدادوں کی نشاندہی ، ای ٹنڈرس کی طلبی ، صدر نشین وقف بورڈ الحاج محمد سلیم کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون (سیاست نیوز) حکومت نے جن 10 اوقافی جائیدادوں کو 30 سالہ لیز پر دینے کی وقف بورڈ کو اجازت دی تھی ، ان میں سے پہلے مرحلہ میں دو جائیدادوں کو لیز پر دینے کی تیاری شروع ہوچکی ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اوقافی جائیدادوں کو لیز پر دیئے جانے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ حکومت نے 10 مختلف جائیدادوں کی نشاندہی کی اور انہیں ای ٹنڈرس کے ذریعہ 30 سالہ لیز پر دینے کی اجازت دی ہے ۔ ان جائیدادوں میں حج ہاؤز سے متصل زیر تعمیر کامپلکس اور کھلی اراضی کے علاوہ بیگم پیٹ ٹاسک فورس آفس کی اراضی شامل ہے۔ وقف بورڈ نے 10 جائیدادوں میں غیر متنازعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی کیونکہ بعض جائیدادوں کے مقدمات عدالتوں میں زیر دوران ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بورڈ نے پہلے مرحلہ میں حج ہاؤز سے متصل زیر تعمیر کامپلکس اور بیگم پیٹ ٹاسک فورس آفس کی اراضی کو لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ ہوسکے۔ حکومت کی جانب سے لیز پر دینے کیلئے چند ماہ قبل احکامات جاری کئے گئے تھے لیکن اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کی مساعی کرنے والے صدرنشین محمد سلیم نے ابتداء میں دو جائیدادوں کو ای ٹنڈرس اور انٹرنیشنل بیڈنگ کے ذریعہ لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ای ٹنڈر کے ماہر ادارے کی خدمات حاصل کی جارہی ہے، جنہیں وقف ایکٹ اور قواعد سے واپس لیا گیا ہے ۔ یہ ادارہ ای ٹنڈرس کی طلبی کے سلسلہ میں وقف بورڈ سے اعانت کرے گا ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ دو جائیدادوں کی لیز کی تکمیل کے بعد دیگر جائیدادوں کے لئے ای ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی جائیدادیں جن کے تنازعات جاری ہیں، ان کی یکسوئی کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کے ذریعہ حاصل ہونے والی رقم مسلمانوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جاسکتی ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کریم نگر کامپلکس کے کرایہ جات کی عدم وصولی کا جائزہ لیا ۔ 2014 ء میں وقف کامپلکس کو بورڈ کی راست نگرانی میں لیتے ہوئے کرایوں میں اضافہ کیا گیا تھا ۔ اضافی کرایہ سے ناراض کرایہ داروں نے کرایہ کی ادائیگی روک دی تھی ۔ گزشتہ تین برسوں سے وقف بورڈ کو کرایہ حاصل نہیں ہورہا ہے ۔ بورڈ نے فیصلہ کیا کہ کرایہ میں کسی قدر کمی کرتے ہوئے کرایہ داروں کو بقایا جات کی ادائیگی کیلئے راضی کرایا جائے ۔ اس سلسلہ میں تمام کرایہ داروں کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ درگاہ حضرات یوسفینؒ نامپلی میں قبور پر دکانات لگانے سے متعلق وقف بورڈ کو متعدد شکایات ملی ہیں۔ صدرنشین محمد سلیم نے ہفتہ کے دن درگاہ یوسفینؒ کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ قبور کی بے حرمتی روکنے کیلئے اقدامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کا تحفظ بورڈ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں کسی متولی کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔