وقف بورڈ کی جعلی این او سی معاملہ کی تحقیقات میں پیشرفت

حیدرآباد ۔ 10 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ملکاجگیری میں درگاہ حضرت میر محمودؒ کی اوقافی اراضی کے سلسلہ میں جاری کردہ جعلی این او سی کی تحقیقات بہت جلد سی بی سی آئی ڈی کے حوالہ کردی جائیں گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور نے اس معاملہ سے متعلق بعض تفصیلات وقف بورڈ سے طلب کی ہیں۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم نے بتایا کہ وقف بورڈ اراضی سے متعلق تمام تفصیلات بہت جلد سکریٹری اقلیتی بہبود کو روانہ کردے گا جس کی بنیاد پر معاملہ کو سی بی سی آئی ڈی سے رجوع کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 4 ایکر اراضی کو غیر اوقافی قرار دیتے ہوئے این او سی جاری کیا گیا تھا ۔ وقف بورڈ نے فرضی این او سی کو منسوخ کرتے ہوئے نیا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ بورڈ نے سی بی سی آئی ڈی تحقیقات کے حق میں قرارداد منظور کرتے ہوئے سکریٹری اقلیتی بہبود کو روانہ کیا تھا ۔ سکریٹری نے بعض تفصیلات طلب کی ہیں جن کے وصول ہوتے ہی سکریٹری اقلیتی بہبود ڈائرکٹر جنرل پولیس کو مکتوب روانہ کریں گے۔