وقف بورڈ میں ریٹائرڈ پولیس عہدیدار کا او ایس ڈی کی حیثیت سے تقرر

حیدرآباد ۔ 26 ۔مارچ (سیاست نیوز) اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں پولیس اور ریونیو ڈپارٹمنٹ سے بہتر تال میل کیلئے وقف بورڈ میں ایک ریٹائرڈ پولیس عہدیدار کو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی مقرر کیا گیا ہے ۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس کے عہدہ پر 28 فروری کو ریٹائرڈ ہونے والے موسیٰ بن ابراہیم کو 23 مارچ کو وقف بورڈ کا آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی مقرر کیا گیا۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ ایک سال کی مدت کیلئے موسیٰ بن ابراہیم کا تقرر کیا گیا ہے اور انہیں ماہانہ 40,000 روپئے ادا کئے جائیں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ کے فیصلہ کے مطابق تقرر کے احکامات جاری کئے گئے ۔ تاہم اس تقرر کو بورڈ کی منظوری باقی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سٹی سیکوریٹی ونگ میں مذکورہ عہدیدار نے نمایاں خدمات انجام دی تھیں۔ وقف بورڈ کی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے سلسلہ میں پولیس کا تعاون ضروری ہے۔ ایسے میں ریٹائرڈ سینئر پولیس عہدیدار اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے بتایا کہ پولیس سے مراسلت اور غیر مجاز قابضین کے خلاف کارروائی کے سلسلہ میں آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی کو مجاز قرار دیا گیا ہے۔ وہ صدرنشین اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر کی ہدایات پر عمل کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ تنخواہ کے تعین کے سلسلہ میں عہدیدار نے اپنے رتبہ کے اعتبار سے ایک لاکھ روپئے تنخواہ کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے چیمبر ، اٹنڈر ، کمپیوٹر ، کمپیوٹر آپریٹر اور گاڑی فراہم کرنے کی درخواست دی ہے۔