وقف اراضی پر خانگی تعمیرات کی شکایت

نظام آباد:8؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہر نظام آباد کے کنٹیشور میں واقع درگاہ کمال شاہ بیابانی ؒ کے تحت موجودہ اراضی سروے نمبر 294 میں غیر مجاز طریقہ سے پٹرول پمپ کے کام کو انجام دینے کی کوشش کرنے پر شہر نظام آباد کے مختلف تنظیموں کی نمائندگی پر اسپیشل آفیسر وقف بورڈ نے ایس پی نظام آباد مسٹر ترون جوشی کو فون پر فوری اقدامات کرنے کی گذارش کی۔ تفصیلات کے بموجب درگاہ حضرت کمال شاہ بیابانی ؒ کے تحت واقع اراضی پر غیر مجاز طریقہ سے متولی شیر علی شاہ نے بندوجیوتی زوجہ سامسن کو پٹرول پمپ اور شادی خانہ کی تعمیر کیلئے 30سال پر لیز پر دیا تھا جس پر اس وقت کے صدر ماجد خان نے مسلسل احتجاج کرتے ہوئے متولی کیخلاف شکایت درج کروائی تھی اور یہ معاملہ عدالت تک پہنچ گیا تھا جس پر وقف بورڈ نے متولی کو برخواست کرتے ہوئے احکامات جاری کیا تھا اور عدالت نے اس معاملہ کو وقف ٹریبونل کو منتقل کیا تھا ۔

وحید نامی درخواست گذار نے عدالت میں اس معاملہ کی شکایت کی تھی کرایہ دار بندوجیوتی نے اچانک پھر دوبارہ پٹرول پمپ کے تحت واقع اراضی پر کھدوائی کرتے ہوئے بڑے ٹینک نصب کرنے کی کوشش کرنے پر سابق صدر ضلع وقف کمیٹی ماجد خان کے علاوہ کانگریس قائدین سید نجیب علی ، اشفاق احمد خان کے علاوہ صدر ضلع وقف کمیٹی جاوید اکرم ، صدر ضلع اقلیتی ڈپارٹمنٹ محمد سمیر احمد ، ضلع وقف کمیٹی کے اراکین سید مقصود عالم، عثمان حضرمی نے اس کے خلاف اسپیشل آفیسر محمد اقبال سے نمائندگی کی جس پر اسپیشل آفیسر نے ایس پی نظام آباد مسٹر ترون جوشی سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کرایہ دار کیخلاف کاروائی کرنے کی خواہش کی واضح رہے کہ گذشتہ دو دنوں سے کھدوائی کے کام چل رہے ہیں اور وقف انسپکٹر اور ذمہ داران وقف کی شہر نظام آباد میںعدم موجودگی پر تشویش کا اظہارکیاجارہا ہے کروڑہا روپئے کی قیمتی اراضی کی حفاظت کرنے والے افراد اور عہدیدار کی عدم موجودگی سے عوام میں تشویش پائی جارہی ہے اور اس مسئلہ کو لیکر کئی نکتہ چینی کی جارہی ہے ۔