وقف اراضیات کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات

گجویل /18 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محکمہ ریونیو کے علاوہ محکمہ پولیس کے اشتراک سے ریاست بھر میں موجود وقف جائیدادوں کے تحفظ کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس بات کا اظہار خیال ریاستی وقف بورڈ کمشنر و اقلیتی بہبود آئی پی ایس جناب شیخ محمد اقبال نے مستقر کے مقامی گیسٹ ہاوز میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ جناب شیخ محمد اقبال نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں وائسرائے Voiceray ہوٹل چار ایکر کے علاوہ لینکو ہلز کی تعمیر کیلئے 800 ایکر زمین کو استعمال کیا گیا اور اس ناجائز تعمیراتی کام پر عدالت میں کیس زیر التواء بتایا ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ وقف زمینات کو صرف لیز ، کرائے پر ہی دیا جاتا ہے ۔ جناب شیخ محمد اقبال نے بتایا کہ ضلع میدک میں 20 ہزار 500 یکر وقف زمینات سے صرف ایک لاکھ پچاس ہزار کی آمدنی کے علاوہ ریاست بھر میں موجود ایک لاکھ پچاس ہزار ایکر وقف اراضیات سے صرف سات کروڑ روپئے کی آمدنی ہی حاصل ہو رہی ہے ۔

جوکہ ناکافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقف زمینات اللہ کی امانت ہے ۔ جس کا تحفظ کرنا ہر مسلمان کا فریضہ ہے ۔ مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ ان زمینات کے تحفظ کے برخلاف چند افراد وقف اراضیات کو کوڑیوں کے مول فروخت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر عوام کو سخت انتباہ دیا کہ ناجائز طور پر وقف زمینات کو قبضہ یا فروخت کرنے والے افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ضلع جوائنٹ کلکٹر مسٹر شرت محکمہ ریونیو کے علاوہ محکمہ پولیس کے اعلی عہدیدار موجود تھے ۔
٭ ٭ ٭