حیدرآباد 7 اکٹوبر (سیاست نیوز)پنجہ گٹہ پولیس نے ایک مبینہ عادی لینڈ گرابر میر قمر حسن رضوی عرف قمر کو بیگم پیٹ میں واقع وقف بورڈ کی اراضی کو قبضہ کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس پنجہ گٹہ ڈیویژن مسٹر وینکٹیشورلو نے قمر کو میڈیا کے روبرو پریس کانفرنس میں پیش کرتے ہوئے تفصیلات کا انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 54 سالہ قمر گذشتہ 18 سال سے عاشور خانہ نعل صاحب پتھر گھٹی کا مجاور و علمبردار ہے ۔ وہ حیدرآباد اور سکندرآباد میں واقع وقف جائیدادوں سے بخوبی واقف ہے اور گذشتہ چار سال میں وہ اپنے ساتھیوں محمد سلیم ، شاہنواز بیگم، شیرین فاطمہ ،جی مادھوی، احسان علی خان ،سید علی سرور ، خواجہ پاشاہ ، محمد جہانگیر ،ایم لکشمن ، جی راجندر کے ہمراہ کئی لینڈ گرابنگ و غاصبانہ قبضے اور مجرمانہ سازش کے واقعات میں ملوث ہے۔ اے سی پی نے قمر کی مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ سابق میں عابڈس اور مالکاجگیری علاقوں میں لینڈ گرابنگ کے واقعات میںملوث ہے ۔ اس سلسلہ میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جولائی سال 2012 میں قمر اپنے ساتھیوں لکشمن اور راجندر کی مدد سے گائتری نگر مولا علی میں واقع پلانٹ نمبر 39 جو سروے نمبر 355/1 جو ڈی کستوری کی ملکیت ہے اسے مبینہ طور پر ناجائز طور پر قبضہ کرتے ہوئے فرضی دستاویزات تیار کرتے ہوئے بعدازاں فروخت کردیا ۔ ملکاجگیری پولیس نے اس سلسلہ میں لینڈ گرابنگ ایکٹ اور مجرمانہ سازش جیسے سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔