وقت آ گیا ہیکہ رام مندر مسئلہ پر مودی اپنی ’’من کی بات‘‘ کہیں : شیوسینا

ممبئی ۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے آج کہا کہ اب وقت آ گیا ہیکہ وزیراعظم نریندر مودی اپنے ’’من کی بات‘‘ کا اظہار ایودھیا میں رام مندر مسئلہ کے بارے میں ظاہر کریں۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ ونئے کٹیار کے اس سلسلہ میں تبصرہ ایک ’’بم‘‘ ہیں جو مستقبل میں کسی بھی وقت دھماکہ سے پھٹ سکتا ہے۔ ونئے کٹیار جنہوں نے 1990ء کی ایودھیا تحریک میں نمایاں کردار ادا کیا تھا، چہارشنبہ کے دن کہہ چکے ہیں کہ مودی حکومت کو یہ مسئلہ قانون سازی یا مذاکرات کے ذریعہ حل کرنا چاہئے اور سپریم کورٹ کے فیصلہ کا انتظار نہیں کیا جاسکتا۔ شیوسینا نے اپنے ترجمان سامنا کے اداریہ میں تحریر کیا ہیکہ بی جے پی کے ہندوتوا حامیوں میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔ وہ صدر بی جے پی امیت شاہ کے ساتھ اختلافات رکھتے ہیں جو ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے سلسلہ میں ٹال مٹول کررہے ہیں۔ وہ یہ بھی نہیں جانتے کہ ملک کے عوام کا اب سامنا کیسے کریں۔ ونئے کٹیار کا تبصرہ ایسا معلوم ہوتا ہیکہ کھل کر امیت شاہ کے تبصروں کو چیلنج ہے۔