وقار یونس پاکستان کے ہیڈ کوچ ہوں گے : ذرائع

لاہور ، 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا اعلان 6 مئی کو کیا جائے گا جبکہ سابق کپتان وقار یونس عین ممکن ہے ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے۔پاکستا ن کرکٹ بورڈ ان دنوں ٹیم کیلئے کوچنگ اسٹاف کی تلاش میں ہے جس کیلئے 5مئی تک ہیڈ کوچ سمیت کئی عہدوں کیلئے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک موصولہ درخواستوں کے مطابق سابق کوچ وقار ہی ہیڈ کوچ کے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔پی سی بی کے ایک اعلیٰ عہدہ دار کے مطابق بورڈ کی قائم کردہ کوچ کمیٹی 6 مئی کو تمام درخواستوں کا جائزہ لے گی اور ناموں کو قطعیت دے گی۔ کمیٹی کو یہ بھی اختیار ہے کہ فیلڈنگ کوچ یا اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ کیلئے وہ از خود کسی اہل کوچ سے رابطہ کر سکتی ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ 6 مئی کو وقار یونس کو پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کردیا جائے گا۔

برازیل :ورلڈ کپ فٹبال کی تیاریاں
ریو ڈی جنیرو ، 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کے عالمی میلے سے ایک ماہ قبل ہی برازیل کے ہوٹلوں میں بکنگ شروع ہو گئی۔ فائیو اسٹار ہوٹلوں کے ساتھ کچی بستی کے ویران ہوٹلوں کی رونقیں بھی بحال ہوگئیں۔ مہمان نوازی کیلئے تزئین و آرائش کا کام زوروں پر ہے۔ فٹبال کا عالمی میلہ سجنے کو ہے، دنیا بھر سے شائقین میزبان ملک برازیل کا رخ کریں گے۔ ایسے میں ہوٹلوں کا کاروبار بھی چمک اٹھا ہے۔ ریو کے فائیو اسٹار ہوٹلز بھی موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کمروں کا یومیہ کرایہ 700 ڈالرتک مانگ رہے ہیں، کچی آبادی میں واقع چھوٹے ہوٹلوں کے مالکان کی قسمت بھی چمک اٹھی ہے۔ریو کے دور دراز پہاڑی علاقوں کے ہوٹلوں میں تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ کچی بستی کے ہوٹل میں کمرہ کا یومیہ کرایا بھی 95 ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ 12 جون کو شروع ہونے والے ورلڈ کپ میلے میں دنیا بھر سے زائد از چھ لاکھ شائقین کی آمد متوقع ہے۔