وقار یونس سے جھگڑے کا سوچ بھی نہیں سکتا : سرفراز

آکلینڈ، 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ’مین آف دی میچ‘ کا اعزاز حاصل کرنے والے سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی یہاں کرکٹ کھیلنے آئے ہیں جو لڑائی جھگڑے کا کبھی بھی نہیں سوچ سکتے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران وقار یونس سے اختلافات کی تردید کرتے ہوئے بتا یا کہ میڈیا میں شائع ہونے والی اُن کی وقار سے لڑائی کی خبریں بے بنیاد ہیں کیوں کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کپتان مصباح الحق اور ہیڈ کوچ وقار نے اُن کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اپنا فطری کھیل کھیلنے کا مشورہ دیا تھا اور انہوں نے ویسا ہی کیا۔ پروٹیز کے خلاف شاندار کار کردگی کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ یہ میچ جنوبی افریقہ جیسی بڑی ٹیم کے خلاف اہم ترین اور اُن کا پہلا ورلڈ کپ میچ تھا، اس لئے وہ کافی دباؤ محسوس کر رہے تھے جس کی وجہ ورلڈکپ میں میچ نہ کھیلنے کی بنا پر کچھ عرصے کا وقفہ تھا۔ جارحانہ بلے باز نے رن آؤٹ ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت دباؤ کم ہو چکا تھا اور انہیں بالکل اندازہ نہیں تھا کہ ڈی ویلیئرز اتنی جلدی گیند تک پہنچ جائیں گے کیوں کہ اُن کی نظریں اس وقت مورنے مورکل پر تھیں کہ انہیں کب گیند واپس ملے گی۔ انہوں نے آؤٹ ہونے پر افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں بڑی اننگز کھیلنا چاہتا تھا لیکن جلد آؤٹ ہو گیا‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ آغاز سے ہی اندازہ ہو گیا تھا کہ کریز پر ایک جگہ کھڑے رہ کر کھیلنا مشکل ہوگا، اس لئے کریز سے نکل کراسٹروکس کھیلے جس سے بولر کی لائن اور لینتھ بگڑ نے لگی۔ وکٹ کیپر بلے باز نے بتایا کہ انہوں نے دباؤ کے باوجود ہر بولر کے خلاف بے خوف ہو کر کھیلا۔ کیوں کہ ان کی توجہ گیندوں پر مرکوز تھی۔