کولکتہ۔9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نظرانداز کئے جانے کے بعد سابق پاکستانی فاسٹ بولر وقار یونس ہندوستان میں مغربی بنگال کے کرکٹرس کی رہنمائی کریں گے۔ انھوں نے بطور فاسٹ بولر اور سری لنکا کے مرلی دھرن نے بطور اسپنر کنسلٹنٹ کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال (سی اے بی) کو اپنی دستیابی سے آگاہ کر دیا ہے۔ بیٹنگ شعبہ کے انچارج سابق کپتان سورو گنگولی ہوں گے۔ سی اے بی کی کوچنگ کمیٹی میں گنگولی نے اپنا منصوبہ ظاہر کر دیا ہے جسے پیر کو ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں منظوری دی جائے گی۔ اس سے قبل کرٹلی امبروز کا نام سامنے آرہا تھا لیکن وہ جون تک دستیاب نہیں ہیں۔
ڈبلیو ٹی اے انڈین ویلز ٹورنمنٹ ثانیہ ۔ کیرا کوارٹر فائنل میں
انڈین ویلز (امریکہ)۔9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)پانچویں سیڈ ثانیہ مرزا اور کیرا بلیک نے راکویل کوپس جونس اور ابیگیل اسپیرس کو سیدھے سیٹوں میں ہراتے ہوئے ڈبلیو ٹی اے پیری باس اوپن کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ ہندوستان اور زمبابوے کی اس جوڑے نے امریکی اَن سیڈیڈ جوڑی کو دوسرے راؤنڈ میں ایک گھنٹہ اور 12 منٹ کے اندر 6-3، 6-4 سے ہرادیا۔ 5,946,740 ڈالرس کے ہارڈ کورٹ پریمیئر ڈبلیو ٹی اے ٹورنمنٹ میں ثانیہ اور کیرا نے 8 کے منجملہ پانچ بریک کے مواقع بچائے۔ انہوں نے حریف 44 کے مقابلے 59 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔ ثانیہ اور کیرا جاریہ سیزن میں کھیلے گئے چار ٹورنمنٹس میں کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل نہیں کی تھی۔