جموں ۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے عوام کو کئی مسائل پر نظرانداز کرنے کا بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے اپوزیشن نیشنل کانفرنس کے بھگوا پارٹی سے قائد کی کہ اگر وہ اپنے انتخابی وعدہ کی تکمیل سے قاصر ہے تو اسے مخلوط حکومت سے دستبردار ہوجانا چاہئے۔ سابق ڈی جی پی و رکن کونسل دیپیندر کور اور ان کے حامیوں کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت پر پارٹی ہیڈکوارٹر پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے مقامی صدر دیویندر سنگھ رانا نے کہا کہ بی جے پی صدمے کا شکار ہے ۔ اس کے وزراء کو سمجھ میں نہیں آر ہا ہے کہ ریاست میں کیا ہورہا ہے۔ انہوں نے جموں میں ایمس کے قیام کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب آپ کشمیر کیلئے ایمس کی منظوری دے رہے تھے تو ہم نے جموں اور لداخ میں بھی اسی قسم کے اداروں کے قیام کا مطالبہ کیا تھا۔ ہمارے پیش نظر آبادی، سیاحوں اور یاتریوں کی آمد کے علاوہ موسم سرما میں آنے والے افراد تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی اپنے انتخابی وعدہ کی تکمیل نہیں کرسکتی تھی تو اسے مخلوط حکومت سے دستبردار ہوجانا چاہئے۔