وظیفہ کی درخواستوں پر سیلفی تصاویر ناقابل قبول

نئی دہلی 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وظیفہ پر سبکدوشی کے لئے تیار مرکزی ملازمین سے وزارت پرسونل نے کہا ہے کہ وظیفہ کی درخواستوں پر چسپاں کی جانے والی تصاویر کے طور پر ’سیلفی‘ (موبائیل فون پر لیجانے والی تصاویر) استعمال نہیں کی جاسکتی ہیں۔ سیول وظیفہ یابوں کے لئے تازہ ترین ہدایات جاری کرتے ہوئے وزارت اُمور ملازمین، عوامی شکایات اور وظیفہ جات نے رنگین یا گہرے سیاہ چشمہ پہنی ہوئی تصاویر قبول کرنے سے انکار کردیا اور کہاکہ ایسی تصاویر بھی ناقابل قبول ہوں گی جن میں لمبے بال کے سبب آنکھیں چھپ جاتی ہیں۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وظیفہ کی درخواستوں میں سیاہ و سفید تصاویر بھی چسپاں / اپ لوڈ نہ کی جائیں۔ نیز تصاویر اور دستخطیں دستخط فارم پر فراہم کردہ باکس کے حجم سے چھوٹی نہ ہوں۔ مرکزی وظیفہ یابوں کو اپنی بیویوں / شوہروں کی مشترکہ تصاویر کی تین نقلیں بھی فارم 5 کے ساتھ داخل کی جائیں۔