محبوب نگر۔3ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت نے آسرا اسکیم کے تحت وظائف کی ادائیگیوں میں ترمیم کرتے ہوئے جی او نمبر 23جاری کیا ہے ‘ اس سے وظائف کے مستحقین کو راحت ملی ہے ۔ چندر شیکھر ریڈی ‘ پی ڈی آر ڈی اے نے کہا کہ دو ماہ کے وظائف یعنی نومبر ‘ڈسمبر 10تا 15 تاریخ تک مسحتقین میں تقسیم کردیئے جائیں گے جس کیلئے تمام تر انتظامات پورے کرلئے گئے ہیں ۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تاحال ضلع میں 5.55 لاکھ درخواستیں مختلف وظائف کیلئے داخل کی گئی تھیں جس میں سے پرانے جی او 17کے تحت 3.35 لاکھ درخواستیں اپ لوڈ کی گئی تھیں جیسا کہ ایک گھر میں ایک ہی پنشن اور حکومت کیدیگر مراعات سے استفادہ کرنے والے وظائف کے مستحق قرار نہیں دیئے جارہے تھے لیکن جی او 23 کے تحت سالانہ دیڑھ لاکھ آمدنی رکھنے والے افراد بھی وظائف کے مستحق ہوں گے جس کے بعد سے وظائف کے مستحقین کی تعداد 4لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ گذشتہ حکومت 4.40لاکھ افراد کو وظائف جاری کررہی تھی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ وظائف اسکیم پر عمل آوری میں جو سخت شرائط مقرر کئے گئے تھے اس سے عوام نالاں تھے اور کئی ایک انسانی جانیں بھی تلف ہوگئی تھیں جس کے پیش نظر حکومت نے جی او 23جاری کیا ۔